پاکستانی ریپر طلحہ انجم کے حالیہ کنسرٹ میں بھارتی پرچم لہرانے کے واقعے پر پیدا ہونے والی بحث ایک بار پھر شدت اختیار کر گئی ہے۔ اگرچہ طلحہ انجم نے بعدازاں اپنے اس رویے پر معافی مانگ لی ہے، تاہم گلوکار فرحان سعید کی جانب سے اس عمل کی حمایت پر سوشل میڈیا صارفین کی ناراضی میں اضافہ ہوگیا ہے۔
فرحان سعید نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں طلحہ انجم کے اقدام کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پیغامِ محبت کو مثبت طور پر لیا جانا چاہیے۔ لیکن اس نے بولڈ موو کی جس کی وہ قیمت چکائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ’طلحہ انجم کو گرفتار کیا جائے‘ کانسرٹ کے دوران بھارتی پرچم لہرانے پر پاکستانی گلوکار تنقید کی زد میں
ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں طلحہ انجم نے بھارتی جھنڈا لہرا کر بہت اچھا کیا ہے، ہماری طرف سے یہی پیغام جانا چاہیے کہ ہم لوگوں کا ظرف بہت بڑا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے پاکستانیوں سے نہیں بھارتیوں سے شکایت ہے۔ میں نے بھارت میں بہت وقت گزارا ہے، میں جن انڈینز کو جانتا تھا وہ اور لوگ تھے جو بہت محبت کرتے تھے اب پتہ نہیں کیا ہو گیا ہے۔
View this post on Instagram
فرحان سعید کا کہنا تھا کہ طلحہ انجم نے بہت اچھا کیا، کانسرٹ میں اس طرح ہو جاتا ہے لیکن اگر آپ کوئی بولڈ قدم اٹھاتے ہیں تو اس کے دونوں پہلو سامنے آتے ہیں جیسے میں اس کی تعریف کر رہا ہوں ویسے لوگ یہ بھی کہیں گے انڈینز ہمیں اتنا برا بھلا بولتے ہیں، ان کے اسٹارز کبھی یہ نہیں کریں گے تو یہ ان کا ظرف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم عزت اور پیار کرنے والے لوگ ہیں اس لیے ایسا کرتے ہیں ورنہ اب بالی ووڈ کوئی نہیں دیکھتا۔
فرحان سعید کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے سخت ناراضی کا اظہار کیا۔ کئی صارفین نے ان کے مؤقف کو ’نامناسب‘ اور ’پاکستان مخالف‘ قرار دیتے ہوئے ان پر تنقید کی۔ سوشل میڈیا پر مختلف تبصرے سامنے آئے جن میں انہیں اپنے بیان پر نظرِ ثانی کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ’اندازہ نہیں ہوا کہ کیا کر رہا ہوں‘، نیپال میں بھارتی پرچم تھامنے والے پاکستانی ریپر نے معافی مانگ لی
واضح رہے کہ طلحہ انجم ایک نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں کہا کہ اسٹیج پر ماحول بالکل مختلف تھا اور انہیں اندازہ نہیں ہوا کہ وہ کیا کر رہے ہیں۔ طلحہ انجم نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنا مشہور ڈِس ٹریک ’کون طلحہ‘ پرفارم کر رہے تھے، یہ گانا بھارتی ریپر نَیزی کے خلاف لکھا گیا ہے۔ اس دوران ایک بھارتی نوجوان نے احترام سے بھارتی پرچم ان کے ہاتھ میں پکڑا دیا۔ انہوں نے اسے اسٹیج پر موجود بھارتی مداحوں کی جانب سے حمایت کے اظہار کے طور پر سمجھا۔
ریپر کے مطابق جذباتی لمحے میں انہوں نے پرچم تھام لیا، تاہم انہیں اندازہ نہیں تھا کہ وہ اسے کتنی دیر تک ہاتھ میں لیے کھڑے رہے۔ میزبان نے توجہ دلائی کہ وہ پرچم فوراً رکھ بھی سکتے تھے، جس پر طلحہ انجم نے کہا کہ انہیں اس وقت یہ احساس بھی نہیں ہوا کہ وہ کب تک اسے تھامے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گلوکار گوہر ممتاز اور فرحان سعید سوشل میڈیا پر ایک بار پھر آمنے سامنے
طلحہ انجم نے اپنی بات میں یہ بھی کہا کہ اگر ان کے کسی عمل سے کسی کا دل دکھا ہے تو وہ دل سے معذرت خواہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کی وجہ سے ہوں، لوگ مجھے دنیا بھر میں پاکستانی ریپر کے طور پر ہی پہچانتے ہیں۔














