بھارتی کپتان شبمان گل گردن کی انجری کے باعث جنوبی افریقہ کے خلاف ہفتے سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں جس میں کامیابی حاصل کرنا لازم تھا۔ اب ٹیم کی قیادت وکٹ کیپر اور نائب کپتان رشبھ پنت کریں گے۔ یہ میچ گوہاٹی میں کھیلا جائے گا۔
پنت نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ شبمان گل کی طبی حالت بہتر ہے، مگر ڈاکٹرز نے انہیں کھیلنے کی اجازت نہیں دی۔
انہوں نے کہا کہ وہ کھیلنے کے لیے بہت پُرعزم تھے لیکن جسم نے اجازت نہیں دی۔ یہ اُن کی ٹیم کے لیے لگن اور سوچ کا ثبوت ہے۔
گردن کے اسپازمز نے شبمان گل کو میدان سے باہر کردیا
پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں گل کو اچانک گردن میں شدید کھچاؤ (neck spasms) کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد وہ پورے میچ سے دستبردار ہو گئے۔ انہیں رات اسپتال میں گزارنا پڑی۔
یہ بھی پڑھیے کلکتہ: پہلے ٹیسٹ میچ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں بھارت کو بدترین شکست
اگرچہ وہ ٹیم کے ساتھ گوہاٹی پہنچ گئے تھے، مگر بورڈ کے میڈیکل پینل نے مزید انجری کے خدشے کے پیشِ نظر انہیں ٹیسٹ سے باہر کرنے کا فیصلہ کیا۔
سائی سدرشن کی شمولیت متوقع
ٹیم میں گل کی جگہ ٹاپ آرڈر بیٹر سائی سدرشن کے شامل کیے جانے کا امکان ہے، جس کا حتمی اعلان ٹاس کے وقت ہوگا۔
بھارتی ٹیم دباؤ میں، اپنے ہی گھر میں مسلسل شکستیں
پہلا ٹیسٹ کولکتہ میں کم اسکورنگ مقابلے میں بھارت صرف 124 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 93 رنز پر آؤٹ ہو کر ہار گیا تھا۔
یہ بھارت کی گزشتہ 6 اپنے ہی میدانوں میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچوں میں چوتھی شکست تھی، اس سے پہلے نیوزی لینڈ نے بھارتی سرزمین پر تاریخی 3-0 وائٹ واش کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے بھارت کو جنوبی افریقہ کیخلاف ٹیسٹ میں بڑا دھچکا، شبمن گل انجری کی وجہ سے آئی سی یو منتقل
پچ کی تنقید اور گوہاٹی کی وکٹ پر اعتماد
کولکتہ کی پچ پر ٹرن اور بے قاعدہ باؤنس کے باعث شدید تنقید ہوئی تھی، لیکن پنت نے کہا کہ گوہاٹی کی وکٹ بہتر کھیلے گی کہ
یہ وکٹ بہتر ہے، بیٹنگ کے لیے سازگار ہوگی اور چند دن بعد ٹرن آئے گی، اچھا مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔
جنوبی افریقہ کا تاریخی موقع
جنوبی افریقہ 2000 کے بعد پہلی بار بھارت میں ٹیسٹ سیریز جیتنے کی کوشش کرے گا، اس بار انہیں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔














