فیصل آباد میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) نے وزیرِاعظم کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثنا اللہ پر ضمنی انتخابات کے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رانا ثنا اللہ نے حلقہ PP-116 میں الیکشن کمیشن کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کی، جبکہ انہوں نے ڈی آر او کے جاری کردہ نوٹس کا بھی جواب نہیں دیا۔
یہ بھی پڑھیے: پنجاب میں 13 ضمنی انتخابات، سیکیورٹی اہلکاروں اور افواج کے لیے ضابطہ اخلاق جاری
ڈی آر او نے ہدایت کی ہے کہ رانا ثنا اللہ جرمانہ ادا کر کے اس کی رسید الیکشن کمیشن کے متعلقہ دفتر میں جمع کرائیں، بصورتِ دیگر معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوا دیا جائے گا۔
دوسری جانب وزارتِ داخلہ نے الیکشن کمیشن کی درخواست پر ضمنی انتخابات کے دوران سیکیورٹی کے لیے افواجِ پاکستان اور سول آرمڈ فورسز کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے۔ فوج اور سول آرمڈ فورسز 22 سے 24 نومبر تک تعینات رہیں گی اور 23 نومبر کے ضمنی انتخابات میں سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گی۔
یہ بھی پڑھیے: پنجاب میں ضمنی انتخابات، فول پروف سیکیورٹی کی ذمہ داری پاک فوج کے سپرد
الیکشن کمیشن کے مطابق فوجی اہلکار دوم اور سوم درجے کے رسپانڈر کے طور پر ذمہ داریاں نبھائیں گے، جبکہ انہیں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے تحت اختیارات بھی دیے گئے ہیں تاکہ ضرورت پڑنے پر بروقت کارروائی کی جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ تعینات افسران کو فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے اختیارات بھی دے دیے گئے ہیں۔














