این اے 18 ہری پور کے ضمنی انتخاب کے تمام 602 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج آر او آفس کو موصول ہو گئے ہیں، جن کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار بابر نواز خان نے واضح کامیابی حاصل کر لی۔
سرکاری نتائج کے مطابق بابر نواز خان نے 1,63,996 ووٹ حاصل کیے، جب کہ پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار شہرناز عمر ایوب نے 1,20,220 ووٹ لیے اور دوسرے نمبر پر رہے۔ اس طرح بابر نواز خان کو 43,776 ووٹوں کی برتری حاصل ہوئی۔
یہ بھی پڑھیے: ہری پور: این اے 18 میں ضمنی انتخاب جاری، پولنگ اسٹیشن 124 پر پہلا ووٹ کاسٹ
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے این اے 18 میں ٹرن آؤٹ 42.9 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جب کہ پورے ضلع میں تمام پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ کا عمل مکمل امن و امان کے ساتھ انجام پایا۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب نے اس حلقے میں شہناز عمر ایوب کی جیت کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ سیٹ عمران خان کے نام ہے، ہماری امیدوار کو ووٹ دینے پر لوگوں کا تاحیات مشکور ہوں۔ تاہم بعد میں سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ کے امیدوار کو حلقے سے کامیابی ملی۔
تاہم بعدازاں سرکاری نتائج موصول ہونے پر تحریک انصاف نے اسے دھاندلی قرار دے کر نتائج مسترد کردیے ہیں۔ ایک بیان میں پارٹی نے کہا کہ اس نشست پر پاکستان تحریک انصاف کی نامزد آزاد امیدوار شہرناز عمر ایوب تقریباً 30 ہزار ووٹوں کی واضح لیڈ سے بھاری اکثریت کے ساتھ جیت چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھیے: این اے 18 کا ضمنی انتخاب: عمر ایوب کی غیر سیاسی اہلیہ مہم کیسے چلا رہی ہیں؟
بیان میں کہا گیا ہے کہ جیت واضح ہونے کے باوجود الیکشن کمیشن کے تعینات کردہ آر اوز اور ڈی آر اوز کے ہاتھوں ایک بار پھر عوامی مینڈیٹ پر شب خون مارنے کی کوشش جاری ہے۔ ہماری امیدوار سمیت ان کے چیف پولنگ ایجنٹس اور پولنگ ایجنٹس کو الیکشن کمیشن دفتر کے اندرجانے سے روکا جا رہا ہے اور فارم 45 اور فارم 47 میں کھلی جعل سازی کی جا رہی ہے۔













