پاکستانی مذہبی اسکالر مفتی عبدالقوی کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے جس میں وہ بالی ووڈ اداکارہ ایشوریا رائے سے نکاح کرنے سے متعلق بیان دیتے نظر آتے ہیں۔
وائرل ویڈیو میں مفتی عبدالقوی نے دعویٰ کیا کہ ایشوریا رائے اور ان کے شوہر ابھیشیک بچن کے درمیان علیحدگی کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے، اور اگر ایسا ہوا تو ’دو سے چار ماہ میں ایشوریا رائے کی جانب سے میرے لیے پیغامِ نکاح آجائے گا‘۔
میزبان نے جب ان سے استفسار کیا کہ ایک غیر مسلم خاتون سے شادی کس طرح ممکن ہے، تو مفتی قوی نے راکھی ساونت کے مذہب کی تبدیلی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اب ان کا نام فاطمہ ہے، اسی طرح ایشوریا رائے کو بھی پہلے مسلمان کروں گا اور ان کا نام عائشہ رائے رکھوں گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی مفتی عبدالقوی نے بالی ووڈ اداکارہ راکھی ساونت کو شادی کی پیشکش کی تھی، جس پر راکھی ساونت نے ردِعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ مفتی قوی کو جھیلنا آسان نہیں اور وہ بہت مختلف ہیں۔














