بلوچستان کی مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے متعدد رہنماؤں نے مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ پارٹی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی (پی کے میپ) کے کئی عہدیدار مسلم لیگ (ق) میں شامل ہوئے ہیں۔
اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ق) نے کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ بھی جاری کر دیے ہیں۔
مسلم لیگ (ق) کے مرکزی ترجمان مصطفیٰ ملک نے کہا ہے کہ پارٹی قیادت، خصوصاً چوہدری شجاعت حسین کی سربراہی پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’بلوچستان کی ترقی، دراصل پاکستان کی ترقی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں بے روزگاری کا خاتمہ اور امن کی بحالی پارٹی کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق پاکستان دشمن قوتیں بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت صوبے میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی مذاکرات کی حامی ہے، تاہم ملک دشمن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔













