اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے خان وزیر کی زندگی حوصلے اور جدوجہد کی ایک روشن مثال ہے۔ خان وزیر 2016 میں ایک سنگین سڑک حادثے کا شکار ہوئے جس میں اُن کی ایک ٹانگ ضائع ہوگئی۔ جسمانی چیلنج کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور اپنے لیے باعزت روزگار کا راستہ خود تلاش کیا۔
آج وہ فوڈ پینڈا کے رائیڈر کے طور پر اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں کھانا ڈلیور کرتے ہیں۔ ایک ٹانگ پر زندگی کا بوجھ اٹھانا بلاشبہ آسان نہیں، لیکن خان وزیر کا حوصلہ قابلِ تعریف ہے۔ وہ روز دفاتر اور گھروں تک آرڈر پہنچاتے ہوئے لوگوں کے چہروں پر خوشی لاتے ہیں اور ساتھ اپنی زندگی کو بہتر بنانے کی کوشش بھی جاری رکھے ہوئے ہیں۔
خان وزیر کا کہنا ہے کہ محنت ہی انسان کو مضبوط بناتی ہے، اور عزت ہمیشہ محنت سے ہی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی کمائی سے خوش ہیں اور خود مختار زندگی گزارنے کو اپنا سب سے بڑا فخر سمجھتے ہیں۔
ان کے مطابق، انسان اگر ہمت نہ ہاریں تو کوئی چیلنج راستہ نہیں روک سکتا۔ خان وزیر کی زندگی یہ پیغام دیتی ہے کہ مشکلات چاہے جتنی بھی بڑی ہوں اگر حوصلہ نہ ہارا جائے تو کامیابی خود قدم چومتی ہے۔













