نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں، خصوصاً بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ایک جعلی ویب سائٹ سے خبردار کردیا ہے۔ نادرا نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں واضح کیا ہے کہ idcardtracking.online ایک جعلی ویب سائٹ ہے جس کا ادارے سے کوئی تعلق نہیں۔
نادرا نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ شناختی کارڈ یا نائیکوپ سے متعلق خدمات کے لیے کسی ایجنٹ یا تھرڈ پارٹی سروس فراہم کنندہ سے رابطہ نہ کریں کیونکہ اس طرح کے ذرائع فراڈ اور جعلسازی کے امکانات بڑھا دیتے ہیں۔
ادارے نے ہدایت کی ہے کہ سیکیورٹی اور درست معلومات کے لیے صرف پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا استعمال کریں جو نادرا کا آفیشل پلیٹ فارم ہے۔
اس سے قبل نادرا نے معاملے کی تحقیقات کے لیے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی سے رجوع کیا تھا اور شکایت درج کرائی تھی۔ نادرا کا کہنا تھا کہ بیرونِ ملک، خصوصاً برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کو ہوشیار رہنا چاہیے کیونکہ ’نادرا کارڈ سینٹر‘ کے نام سے چلنے والی جعلی ویب سائٹ دھوکا دہی میں ملوث ہے۔
نادرا حکام کے مطابق یہ ویب سائٹ اوورسیز پاکستانیوں کو شناختی کارڈ اور نائیکوپ سے متعلق سہولیات یا ادارے میں ملازمتوں کی فراہمی کا جھانسہ دے کر فراڈ کرتی ہے۔ ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ اس پلیٹ فارم پر دی جانے والی کوئی بھی ذاتی معلومات، دستاویزات یا ادائیگیاں غلط استعمال ہوسکتی ہیں۔
نادرا نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ صرف آفیشل پلیٹ فارمز استعمال کریں اور کسی بھی مشتبہ ویب سائٹ یا ایجنٹ کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔













