شیریں مزاری اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد تیسری مرتبہ گرفتار

پیر 22 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما شیریں مزاری کی عدالت کی طرف سے رہائی اور پولیس کے ہاتھوں پھر گرفتاری کا سلسلہ پیر کو بھی جاری رہا۔

شیریں مزاری کو آج تیسری مرتبہ اس وقت گرفتار کر لیا گیا جب وہ عدالت کے حکم پر رہائی ملنے کے بعد اڈیالہ جیل سے باہر نکلیں۔

اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے ’پی ٹی آئی‘ رہنما شیریں مزاری کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ میں رہنما تحریک انصاف شیریں مزاری کی نظربندی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ کیس کی سماعت جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے کی۔ شیریں مزاری کے وکلا بیرسٹر شعیب رزاق اور انیق کھٹانہ عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے شیریں مزاری کو رہا کرنے کا حکم جاری کیا اور کہا ہے کہ شیریں مزاری کسی اور مقدمے میں نامزد نہیں تو انہیں دوبارہ گرفتارنہ کیا جائے۔

لیکن عدالتی حکم کے بعد اڈیالہ جیل سے رہائی پانے کے فوری بعد انہیں ایک بار پھر گرفتار کر لیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 9 مئی کے بعد سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی رہائی و گرفتاری کا سلسلہ جاری ہے۔

شیریں مزاری اور سینیٹر فلک ناز کو اڈیالہ جیل سے رہائی کے فوراً بعد منگل 16 مئی کو دوبارہ گرفتار کر لیا گیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملیکہ بخاری کو بھی رہا کرنے کے احکامات دیے تھے لیکن وہ جیل سے رہائی کے بعد دوبارہ گرفتار کرلی گئی تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp