وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی اور امن کے لیے تمام اتحادی یکجا ہیں، مشترکہ وژن ہی صوبے کی اصل قوت ہے۔
کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ میں اتحادی جماعتوں کی اعلیٰ صوبائی قیادت اور اراکین اسمبلی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی، اسپیکر عبدالخالق اچکزئی اور ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ نے خصوصی شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ بلوچستان کی تبدیلی کا کوئی معاہدہ نہیں دیکھا، رہنما ن لیگ سلیم کھوسہ
اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ کے پارلیمانی لیڈر میر سلیم خان کھوسہ، پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر سردار عمر گورگیج، بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر نوابزادہ طارق مگسی، میر صادق سنجرانی اور اے این پی کے رہنما انجینیئر زمرک خان اچکزئی بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں بلوچستان کی مجموعی سیاسی صورتحال، امن و امان اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اتحادی جماعتوں نے صوبائی حکومت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی استحکام کے لیے مل کر آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔
بلوچستان میں قیام امن کے لیے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور مزید بہتری کے لیے تجاویز بھی پیش کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن کا وزیر اعلیٰ بلوچستان سر فراز بگٹی کی سیاسی مشکلات میں ساتھ دینے کا اعلان
اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے، گڈ گورننس کے فروغ اور عوامی ضروریات سے ہم آہنگ فلاحی حکمت عملی پر بھی اتفاق ہوا تاکہ ترقی کے ثمرات عام شہری تک پہنچ سکیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیاسی ہم آہنگی اور مضبوط پارلیمانی رابطے صوبے کے مستقبل کی ضمانت ہیں۔
انہوں نے یقین دلایا کہ صوبے کی ترقی اور امن کے لیے تمام اتحادی یکجا ہیں اور مشترکہ وژن ہی صوبے کی اصل قوت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آصف علی زرداری وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ناراض، ملاقات سے انکار
گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ صوبے میں امن اور ترقی کے ایجنڈے پر اتحادیوں کی یکجہتی خوشگوار سیاسی ماحول کی عکاسی کرتی ہے۔














