امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اڈیالہ جیل کے اطراف سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے ایک خصوصی پلان جاری کرتے ہوئے اضافی حفاظتی اقدامات فوری طور پر نافذ کر دیے ہیں۔ یہ سیکیورٹی پلان غیر معینہ مدت تک برقرار رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں:اڈیالہ جیل کے قریب گیس کی مین پائپ لائن پھٹ گئی، بڑے پیمانے پر گیس لیکج
میڈیا رپورٹس کے مطابق اڈیالہ جیل روڈ پر 5 اضافی چیک پوسٹس قائم کردی گئی ہیں۔ داہگل ناکہ، گیٹ ون، گیٹ 5، فیکٹری ناکہ اور گورکھ پور پر اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔
سیکیورٹی ڈیوٹی کو بہتر انداز میں چلانے کے لیے پولیس افسران اور اہلکاروں کی ذمہ داریاں 2 شفٹوں میں تقسیم کی گئی ہیں، ہر شفٹ کیا دورانیہ 12 گھنٹے ہوگا۔ مجموعی طور پر 12 تھانوں کے ایس ایچ اوز اور خواتین پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی کا حصہ ہوں گے۔

اڈیالہ جیل کے اطراف بیرونی سیکیورٹی پر 700 سے زائد اہلکار و افسر تعینات کیے گئے ہیں، جو اینٹی رائٹ سامان سے لیس ہوں گے۔
رپورٹس کے مطابق جیل گارڈز کی نفری کو بھی اسٹینڈ بائی رکھا جائے گا، جبکہ سیکیورٹی کی براہ راست نگرانی ایس پی صدر انعم شیر کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں:اڈیالہ جیل میں عمران خان کی صحت، ملاقاتوں اور سہولیات سے متعلق تفصیلات سامنے آ گئیں
یہ اقدامات ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر پارلیمانی کارروائی نہ چلنے دینے کی وارننگ دی ہے اور منگل کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر احتجاج کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔














