پنجاب حکومت نے لاہور کے تاریخی بازار اچھرہ کی تزئین نو کا آغاز کردیا ہے، جسے 5 ماہ کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ مملکت برائے اوورسیز پاکستانیز عون چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نے آج تاریخی اچھرہ بازار کی ری ویمپنگ کا آغاز کردیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ لاہور کا پہلا بازار ہے جسے مکمل طور پر ماڈرن ڈیزائن میں تبدیل کیا جارہا ہے اور 5 ماہ میں اس منصوبے کو مکمل کرلیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب میں کچرا ٹھکانے لگانے کا جدید منصوبہ، رنگدار کوڑے دان لازمی قرار
عون چوہدری کا کہنا تھا کہ اچھرہ بازار تقریباً 100 سال پرانا ہے اور وزیرِاعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق اسے ایک مثالی مارکیٹ میں تبدیل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک ارب روپے کی لاگت سے اس بازار کو نئے انداز میں تعمیر کیا جارہا ہے اور یہ منصوبہ لاہور ہی نہیں بلکہ پورے پنجاب کے لیے نمونہ بنے گا۔
انہوں نے وزیرِاعلیٰ مریم نواز کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ لاہور اور پنجاب کے لیے وہ فیصلے کر رہی ہیں جو ماضی میں کسی نے نہیں کیے۔
مزید پڑھیں:وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کا ’میگنیفیسنٹ پنجاب‘ میگا ٹورسٹ منصوبہ کیا ہے؟
انہوں نے کہا کہ اپنے ووٹرز کے لیے ایسے ترقیاتی منصوبے لانا ان کے لیے باعثِ خوشی ہے۔
عون چوہدری نے خیبر پختونخوا کے عوام کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ پشاور بھی ایسے ہی ترقیاتی منصوبے اور معیاری سڑکیں دیکھے۔
انہوں نے کہا کہ شرانگیزی، گالی گلوچ اور دھونس کی سیاست کو ختم کرکے ترقی کے راستے کو اپنانا ہوگا۔
مزید پڑھیں:پنجاب میں کوئی منصوبہ محکمہ ماحولیات کی منظوری کے بغیر شروع نہیں ہوگا، لاہور ہائیکورٹ کاحکم
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے اور ہمیں ایک فرد واحد کے لیے انتشار پیدا کرنے کے بجائے ملک کی مجموعی ترقی پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام ان کے دل کے بہت قریب ہیں، اور وہ چاہتے ہیں کہ خیبر پختونخوا کا ہر بچہ معیاری تعلیم، صحت اور بہتر ترقی کے مواقع حاصل کرے۔
مزید پڑھیں: دھی رانی پروگرام، اب تک پنجاب حکومت کتنے جوڑوں کی شادیاں کروا چکی ہے؟
ایک سوال پر عون چوہدری نے کہا کہ آئی ایم ایف کی رپورٹ پر وہ کوئی تبصرہ نہیں کرسکتے۔
گورنر راج سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے حوالے سے انہیں کوئی معلومات نہیں۔














