وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ہی چیف آف ڈیفنس فورسز ہیں، ہو سکتا ہے ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن ہوگیا ہو، ہماری مرضی جب چاہیں اعلان کریں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے ذریعے پاکستان کو ایسی عزت ملی جس کی مثال نہیں ملتی۔
مزید پڑھیں: قومی اتحاد پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
انہوں نے کہا کہ جنرل عاصم منیر نے اپنی حدود میں رہتے ہوئے بھارت کے طیارے گرائے، جسے دنیا نے تسلیم کیا۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی صورتحال بلی کے خواب میں چھیچھڑے جیسی ہے، ہم نے بہت جیلیں دیکھیں لیکن کبھی ملک کے خلاف سازش نہیں کی۔
حنیف عباسی نے کہاکہ بتایا جائے جنرل عاصم منیر کی آرمی چیف تقرری کے وقت کس نے لانگ مارچ کرکے رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی اور وزیراعظم کو کس طرح دھمکیاں دی گئیں۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ خواجہ آصف کو سابق آرمی چیف قمر جاوید باجوہ پر بات نہیں کرنی چاہیے کیونکہ وہ ماضی میں ان سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جو شخص اپنی سابقہ سہولت کو فراموش کر دے وہ آج کی حکومت کے بارے میں بھی اسی طرح بات کرے گا۔
انہوں نے کہاکہ وہ نواز شریف اور فیلڈ مارشل کی تعریف کرتے ہیں اور بعد میں بھی یہی مؤقف رکھیں گے۔ ’خواجہ آصف سے کوئی بات چیت نہیں کیونکہ ایسا تعلق نہیں رکھتا۔‘
حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے پاس بے شمار ذمہ داریاں ہیں، وہ کسی صلح صفائی کے لیے وقت نہیں نکال سکتے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کا اسحاق ڈار سے روحانی تعلق ہے اور انہیں پیر صاحب کہتے ہیں جبکہ اسحاق ڈار نے کبھی بھی خواجہ آصف کے خلاف بات کرنے کا نہیں کہا۔
انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان قابل احترام ہیں لیکن انہوں نے مریم نواز سے متعلق نامناسب بات کی۔ اگر وہ مریم نواز کو بیٹی کہتے ہیں تو پھر ان کے بارے میں ایسی گفتگو مناسب نہیں۔
مزید پڑھیں: الوداعی ملاقات: جنرل ساحر شمشاد نے تینوں افواج میں ہم آہنگی بڑھائی، فیلڈ مارشل عاصم منیر
انہوں نے مزید کہاکہ جب فیض حمید طاقت میں تھے تو سمجھتے تھے کہ انہیں کوئی نہیں دیکھ رہا، لیکن ان کی سرگرمیاں ریکارڈ ہو رہی تھیں اور تمام معاملات سامنے آ گئے۔
ان کے مطابق کسی ادارے کی تقسیم کا خواب دشمن دیکھیں تو اور بات ہے، لیکن اگر اندر سے کوئی ایسا کرے تو اس کا بے نقاب ہونا لازمی ہے۔











