وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللّٰہ نے کہا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی کے ساتھ ایک نیا ادارہ بنایا جا رہا ہے جو انتہائی اہمیت کا حامل ہوگا، اور یہ نوٹیفکیشن عجلت میں نہیں ہوگا۔ یہ تاثر درست نہیں کہ نواز شریف چیف آف ڈیفنس فورسز کے نوٹیفکیشن کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی واپسی کے بعد جتنا وقت ضروری ہوگا، اسی حساب سے نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: ہو سکتا ہے فیلڈ مارشل کی چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کا نوٹیفکیشن ہوگیا ہو، حنیف عباسی
رانا ثنااللّٰہ نے وضاحت کی کہ آئین کے بعد قوانین اور قوانین کے بعد رولز فریم کیے جاتے ہیں، اس لیے یہ تمام معاملات احتیاط کے ساتھ طے کیے جائیں گے۔
مشیر وزیر اعظم نے کہاکہ کسی بھی معاملے کا زیر غور ہونا اور فیصلہ ہونے میں فرق ہوتا ہے، اور مختلف آپشنز مختلف اوقات میں زیر غور رہتے ہیں۔ نوٹیفکیشن کے بعد ادارے کی مدت 5 سال ہوگی اور یہ آئینی ترمیم کے مطابق ہوگی۔
رانا ثنااللّٰہ نے نواز شریف سے متعلق تاثر کی وضاحت کرتے ہوئے کہاکہ سابق وزیراعظم نے کبھی چیف آف ڈیفنس فورسز کے نوٹیفکیشن میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش نہیں کی، اور ان کی گفتگو کو بے بنیاد طور پر اس معاملے سے جوڑا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پی ٹی آئی کے ایک وفد نے اسپیکر کے پاس ملاقات کی درخواست دی تھی، جس میں وہ خود بھی موجود تھے، اور انہیں کہا گیا کہ وزیراعظم کی واپسی کے بعد مسئلہ ان کے سامنے رکھا جائے گا۔ تاہم وفد کے جانے کے بعد وزیراعلیٰ کی جانب سے دھمکی دی گئی، جس کے سبب ان کی ملاقات کی اجازت نہیں دی جا سکی۔
قبل ازیں وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی وطن واپسی کے بعد چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری ہو جائےگا۔
واضح رہے کہ حکومت نے 27ویں آئینی ترمیم میں آئین کے آرٹیکل 245 میں ترمیم کی ہے، جس کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز کا عہدہ تخلیق کیا گیا ہے۔
ترمیم کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز کی مدت ملازمت 5 سال ہوگی، اور حکومت نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پہلا چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کا فیصلہ بھی کرلیا ہے۔
مزید پڑھیں: سید عاصم منیر سے بہتر کون ہو سکتا ہے؟ فیلڈ مارشل کی نئی تقرری پر مریم نواز کا تبصرہ
دوسری جانب ابھی تک حکومت نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی نئی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا، جس پر چہ مگوئیاں ہو رہی ہیں۔
ادھر وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہاکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر ہی چیف آف ڈیفنس فورسز ہیں، ہو سکتا ہے ان کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن ہوگیا ہو، ہماری مرضی جب چاہیں اعلان کریں۔













