یورپی یونین کی جانب سے میٹا پلیٹ فارمز کے خلاف نئی اینٹی ٹرسٹ انکوائری شروع کرنے کی تیاری جاری ہے۔
یورپی یونین کا تحقیقاتی کمیشن واٹس ایپ میں مصنوعی ذہانت کے فیچرز کے انضمام کا جائزہ لے گا، اس پیش رفت سے بڑے ٹیک اداروں کی اے آئی سرگرمیوں پر بڑھتی ہوئی نگرانی واضح ہورہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نازیبا گفتگو کرنے پر میٹا کا ’بے قابو‘ اے آئی چیٹ بوٹ زیرعتاب، انکوائری جاری
کمیشن رواں برس میٹا کی جانب سے واٹس ایپ میں میٹا اے آئی کے استعمال سے متعلق تحقیقات شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، میٹا اے آئی، جو چیٹ بوٹ اور ورچوئل اسسٹنٹ پر مشتمل ہے، مارچ 2025 سے یورپی یونین کی مارکیٹس میں واٹس ایپ کے اندر شامل کیا جارہا ہے۔
میٹا کے مطابق کمپنی کو نئی انکوائری کے حوالے سے کوئی معلومات موصول نہیں ہوئیں، جبکہ اس نے اٹلی میں جاری سابقہ تحقیقات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
اٹلی کے اینٹی ٹرسٹ ریگولیٹر نے جولائی میں تحقیقات شروع کی تھیں کہ آیا میٹا نے اپنی مارکیٹ پاور کا استعمال کرتے ہوئے اے آئی ٹول کو واٹس ایپ میں ضم کر کے مسابقت محدود کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: میٹا نے اے آئی چیٹ بوٹس پر بچوں کیساتھ فلرٹ اور خودکشی سے متعلق گفتگو پر پابندی لگا دی
نومبر میں یہ تحقیقات مزید وسیع کر دی گئی تھیں تاکہ اس الزام کا جائزہ لیا جا سکے کہ میٹا نے حریف اے آئی چیٹ بوٹس کو پلیٹ فارم پر رسائی سے روکا ہے۔
یورپی کمیشن آئندہ چند دنوں میں تحقیقات کے آغاز کا اعلان کرسکتا ہے، تاہم تاریخ میں تبدیلی بھی ممکن ہے، یہ انکوائری روایتی اینٹی ٹرسٹ قوانین کے تحت کی جائے گی، ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ کے تحت نہیں، جسے اس وقت ایمیزون اور مائیکروسافٹ کی کلاوڈ سروسز کا جائزہ لینے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔
یورپی کمیشن نے اس معاملے پر کسی بھی قسم کا تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔














