وزیراعظم شہباز شریف نے چیف آف ایئر اسٹاف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدت ملازمت میں 2 سال کی توسیع کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کی بھی منظوری دے دی ہے، جس کے بعد سمری صدر مملکت کو ارسال کردی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: معرکہ حق میں فتح: فیلڈ مارشل عاصم منیر، ایئر چیف، وفاقی وزرا اور بلاول بھٹو کو قومی اعزازات سے نواز دیا گیا
واضح رہے کہ معرکہ حق کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ ایئر چیف کی قیادت میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے 7 جیٹ مار گرائے تھے۔
کچھ روز قبل ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہاکہ آپریشن ’بنیانِ مرصوص‘ میں پاک فضائیہ نے دشمن کو واضح شکست سے دوچار کیا اور 10 مئی کو دشمن کے ڈیفنس سسٹم کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس معرکے میں اہم قائدانہ کردار ادا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب جب پاکستان کی خودمختاری کو چیلنج کیا گیا، تو پاک فضائیہ نے بھرپور ردعمل دیتے ہوئے دشمن کے جدید ترین طیارے، جن میں رافیل بھی شامل تھے، مار گرائے۔
مزید پڑھیں: ملکی سالمیت سب سے مقدم، معرکہ حق میں فیلڈ مارشل نے قائدانہ کردار ادا کیا، ایئر چیف
ائیر چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سالمیت ہمارے لیے سب سے مقدم ہے، رافیل طیاروں کی صلاحیتیں پاک فضائیہ کے مقابلے میں بے اثر ثابت ہوئیں۔ دشمن کی ہر حرکت پر لمحہ بہ لمحہ نظر رکھی گئی اور ہمارے فوری اور مؤثر اقدامات نے نتائج دیے۔
ان کے مطابق جدید تقاضوں کے مطابق پاک فضائیہ پوری طرح تیار اور صلاحیتوں سے لیس ہے۔













