ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدادم نے وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی سے ملاقات میں رواں سال اسلام آباد، تہران، استنبول ٹرین سروس دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ملاقات میں ایرانی کمرشل کونسلر مس کاملی مغدادم بھی شریک تھیں، ملاقات میں علاقائی رابطوں کو بحال کرنے اور سرحدی تجارت کو فروغ دینے کے اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور سے روس کے لیے 22جون سے ٹرین سروس شروع کی جائے گی،حنیف عباسی
فریقین نے پاکستان اور ایران کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مثبت روابط اور مسلسل خیرسگالی کو سراہا گیا۔

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے پاکستان ایران تجارت بڑھانے، باہمی درآمدات و برآمدات میں اضافہ کرنے اور ریلوے کے ذریعے تجارت کے فروغ کی اہمیت پر روشنی ڈالی، ان کا کہنا تھا کہ تجارت میں اضافہ ریلوے کی آمدنی میں بہتری اور قومی معیشت کے لیے معاون ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور روس کے درمیان ٹرین سروس کی راہ میں رکاوٹ کیا ہے؟
وزیر ریلوے نے کہا کہ وزیر اعظم کے وژن کے تحت علاقائی رابطوں کو مضبوط بنانا اور خطے کو ریل نیٹ ورک کے ذریعے جوڑنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
ایرانی سفیر ڈاکٹر امیری مغدادم نے وفاقی وزیر کو ایران کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔














