لاہور ہائیکورٹ، قومی اسمبلی کے 2حلقوں میں ضمنی الیکشن رکوانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

منگل 23 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ 108 اور 118 میں ضمنی الیکشن رکوانے کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

رہنما پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) فرخ حبیب کی درخواست پر  لاہور ہایکورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد کریم نے سماعت کی، عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔

فرخ حبیب کی درخواست میں سیکرٹری الیکشن کمیشن، سیکرٹری کیبنٹ اور قومی اسمبلی کو فریق بنایا گیا، اور درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ قومی اسمبلی کی میعاد ختم ہونے سے 120 دن قبل ضمنی انتخاب نہیں ہو سکتے۔

درخواست میں یہ بھی موقف اپنایا گیا کہ قومی اسمبلی کے حلقہ 108 میں الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ پشاور ہائی کورٹ نے خیبر پختونخوا میں  ہونے والے انتخابات کو ملتوی کر دیا تھا۔

درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ قومی اسمبلی کے حلقہ 108 اور 118 میں الیکشن روکنے کا حکم دیا جائے۔

دوسری طرف الیکشن کمیشن نے اپنے دلائل میں موقف اختیار کیا کہ پشاور ہائی کورٹ میں غلط بیانی کر کے انتخابات کو رکوایا گیا، انتخابات کی تمام تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں لہذا عدالت درخواست خارج کرے۔

دو طرفہ دلائل سننے کے بعد جسٹس شاہد کریم نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp