چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے اپیل کی ہے کہ عمران خان سے ان کی بہنوں کی ملاقات کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے اور سب سے گزارش ہے کہ جذبات میں نہ آئیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ گزشتہ 2 برس میں عمران خان سے ملاقاتوں پر بارہا پابندیاں عائد کی گئیں۔
🚨عمران خان کی بہنوں کی ملاقات پر سیاست نہ کرے۔ ان کے ساتھ یہ رویہ درست نہیں۔۔ ایسے بیانات نہیں دینے چاہیے۔ عمران خان کی بہنوں کے ساتھ یہ رویہ ٹھیک نہیں۔ عوام کو عمران خان کی صحت کا پتہ ہونا چاہئے۔۔۔ بیرسٹر گوہر خان pic.twitter.com/kSbT9FC1vU
— Mehwish Qamas Khan (@MehwishQamas) December 5, 2025
ان کے بقول کچھ لوگوں کی جانب سے غیر ذمہ دارانہ بیانات سامنے آئے ہیں جن کی وہ سخت مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ متعلقہ حکام سے درخواست ہے کہ عمران خان کی بہنوں کی ملاقات روکنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک کی بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ ہیں، ملاقات ہوگی تو ظاہر ہے ملکی صورتحال پر بات چیت ہی ہوگی، وہ سوال پوچھیں گے اور ہم انہیں حالات سے آگاہ کریں گے۔
بیرسٹر گوہر نے یہ بھی کہاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کے منافی ہے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی آئین و قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے اور اپنی قانونی جدوجہد جاری رکھے گی۔
پارٹی میں سلمان اکرم راجا کو عہدے سے ہٹانے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ انہیں اس حوالے سے کچھ علم نہیں۔













