امریکا اور ایران کے وفود جمعے کو پاکستان آرہے ہیں، اللہ کو منظور ہوا تو جنگ کے شعلے ہمیشہ کے لیے بجھ جائیں گے، وزیراعظم

بدھ 8 اپریل 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کا وفد جمعے کو پاکستان آ رہے ہیں، ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا شکریہ کہ انہوں نے میری درخواست قبول کی، ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی شکریہ کہ انہوں نے دو ہفتوں کے لیے جنگ بندی کی تجویز پر اتفاق کیا۔

کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو وہ عزت اور مقام عطا فرمایا جو انسانی کوششوں سے اکیلے ممکن نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اجتماعی کوششوں نے خطے میں جاری جنگ کو روکنے اور عالمی سطح پر امن قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا، اور یہ کامیابی نہ صرف پاکستان کے لیے بلکہ پوری دنیا کے لیے باعث فخر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران جنگ بندی پر بھارت میں بھی اعتراف کیا جارہا ہے کہ پاکستان کو سفارتی سطح پر کامیابی ملی، خواجہ آصف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جنگ کے شعلے نہ صرف خطے کو بلکہ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے چکے تھے، اور ایک ماہ سے زائد عرصے سے جاری بحران میں پاکستان نے صبر، حکمت عملی اور یکسوئی کے ساتھ عالمی قیادت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اور فوجی قیادت کی نیک نیتی اور متحدہ کوششوں کے باعث پاکستان نے سفارتی محاذ پر تاریخی کامیابی حاصل کی، اور اس کی بدولت خطے میں ممکنہ تباہی سے بچاؤ ممکن ہوا۔

شہباز شریف نے واضح کیا کہ جنگ میں بھائی کو بھائی سے لڑانے کی کوششیں ہوئیں، مگر اللہ کے فضل اور پاکستان کی حکمت عملی نے اسے ناکام بنایا اور امن قائم کرنے میں کامیابی دلائی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کے وقار کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ اسلامی دنیا میں پاکستان کے اثر و رسوخ کو بھی مستحکم کرتی ہے۔

وزیراعظم نے کابینہ کے ارکان سے اپیل کی کہ وہ اس کامیابی کے بعد بھی یکجہتی اور صبر کے ساتھ امن کے فروغ میں اپنا کردار جاری رکھیں، تاکہ پاکستان مستقبل میں بھی عالمی قیادت اور خطے میں استحکام کے لیے کلیدی کردار ادا کرتا رہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا ایران جنگ بندی: پاکستان کی سفارتکاری پر اسلام آباد کے عوام کیا کہتے ہیں؟

وزیراعظم نے کہا کہ جنگ کے شعلے دو ہفتوں کے لیے بجھ گئے ہیں، اللہ کو منظور ہوا تو ہمیشہ کے لیے بجھ جائیں گے، ایران و امریکا نے پاکستان کی بات کو اہمیت دی یہ کوئی معمولی بات نہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے جو عزت اور احترام عطا کیا ہے، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ان کی پوری ٹیم نے انتھک محنت کی ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کئی راتیں جاگتے رہے، اور وہ امریکی و ایرانی قیادت کے ساتھ مسلسل جس طرح رابطے میں رہے، وہ قابل تحسین ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ چین نے امن کی کاوشوں میں بھرپور تعاون کیا۔ سعودی عرب، قطر، عمان، کویت، ترکی، انڈونیشیا، مصر، آذربائیجان اور متحدہ عرب امارات کے تعاون کا بھی شکرگزار ہوں، تمام دوست ممالک نے امن کی کوششوں میں پاکستان کے ساتھ مکمل حمایت فراہم کی۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا ایران جنگ بندی: نواز شریف کی وزیراعظم، وزیر خارجہ اور فیلڈ مارشل کی کاوشوں کی تعریف

انہوں نے کہا کہ ہم نے سعودی عرب میں پیٹروکیمیکل کمپلیکس پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی، اور پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور ان کی ٹیم نے انتھک محنت کی ہے، اور آج کا پاکستان ایک بدلا ہوا پاکستان ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ آج دنیا پاکستان کو عزت کی نظر سے دیکھ رہی ہے، اور یہ عزت صرف کسی ایک فرد کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ کامیابی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp