لاہور میں نواز شریف آئی ٹی سٹی پروجیکٹ کے تعمیراتی کام کے دوران ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی سامنے آگئی ہے۔ محکمہ ماحولیات نے پروجیکٹ پر جرمانے عائد کر دیے ہیں اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے سی ای او کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کا ویژن، پنجاب جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں تمام صوبوں پر بازی لے گیا
مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ نواز شریف آئی ٹی سٹی کی تعمیر کے دوران شدید دھول اڑتی پائی گئی اور پروجیکٹ کے قریب ائیر کوالٹی مانیٹرز پر انڈیکس 500 سے زائد ریکارڈ کیا جارہا ہے۔
محکمہ ماحولیات نے 3 تعمیراتی کمپنیوں پر 15 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے اور 3 روز کے اندر یہ رقم ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد آئی ٹی پارک جلد تعمیر کیا جائے، وزیر اعظم کی ہدایت
محکمہ ماحولیات نے ہدایت کی ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر پانی کے چھڑکاو کو یقینی بنایا جائے اور تعمیراتی میٹریل کو ایس او پیز کے مطابق ڈھانپ کر رکھا جائے۔ مزید ہدایت کی گئی ہے کہ ڈسٹ اسکریننگ بیرئیرز اور نیٹس کو تعمیراتی مقام پر لگایا جائے۔
محکمہ ماحولیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر احکامات پر عمل درآمد نہ کیا گیا تو نواز شریف آئی ٹی سٹی پروجیکٹ کو سیل بھی کیا جا سکتا ہے۔














