وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کے فاتح سپہ سالار پر فضول گوئی دراصل بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ذہنی مفلوج ہونے کا ثبوت ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پاکستان کے خلاف کام کرنے والے چند چہرے ریاستی استحکام کے لیے خطرہ ہیں اور انہیں یہ سمجھنا چاہیے کہ دشمن ایجنڈے کی ہر سازش ریاست ناکام بنائے گی۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کا بیانیہ ملک دشمن نہیں، آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس سے مایوسی ہوئی، بیرسٹر گوہر کا ردعمل
عظمیٰ بخاری نے کہاکہ عمران خان کے ملک دشمن ایجنڈے کو پاک فوج کے ترجمان نے بے نقاب کر دیا ہے۔
ان کے مطابق پاکستان مخالف بیانیے پر چلنے والا شخص اقتدار میں آنے کے لیے طالبان اور بھارت کی حمایت حاصل کر رہا ہے۔ ریاستی اداروں پر حملے، شہدا کی توہین اور افواج کے خلاف بیانیہ سب دشمن کے منصوبے کا حصہ ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات شفیع جان نے عظمیٰ بخاری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہاکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کا خوف وفاق اور پنجاب کے وزرا کی بار بار پریس کانفرنسز سے واضح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عظمیٰ بخاری کا بیان جھوٹ، پروپیگنڈا اور سیاسی زہر کے سوا کچھ نہیں، اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کسی غیر ملکی حمایت کی ضرورت نہیں۔
شفیع جان نے کہاکہ اقتدار کے نشے میں عظمیٰ بخاری شاید ڈان لیکس جیسے سنگین غداری کے کردار بھول چکے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے عمران خان کو ذہنی مریض قرار دیتے ہوئے چارج شیٹ کیا تھا۔












