چیف آف دی آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیرکا کہنا ہے کہ بھارت کسی خود فریبی یا گمان کا شکار نہ رہے، اگلی بار پاکستان کا جواب اس سے بھی برق رفتاراورزیادہ شدید ہوگا۔
نئے قائم کیے گئے ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز میں تینوں مسلح افواج کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طالبان رجیم کو بھی دوٹوک پیغام دے دیا گیا ہے کہ وہ یا تو پاکستان کے خلاف سرگرم فتنۂ خوارج کا ساتھ چھوڑیں یا پھر اپنے انجام کے لیے تیار رہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وزارت دفاع نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا
آرمی چیف کے مطابق اس ضمن میں طالبان عبوری حکومت کے پاس کوئی تیسرا راستہ موجود نہیں۔
فیلڈ مارشل نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، تاہم کسی بھی ریاست یا گروہ کو پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو للکارنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی خطرات کے تناظر میں اب ضروری ہے کہ پاکستان اپنی عسکری حکمتِ عملی کو ملٹی ڈومین آپریشنز کے جامع اور متحد نظام کے تحت مزید جدید اور مؤثر بنائے۔
نئے قائم کیے گئے ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز میں تینوں مسلح افواج کے افسران سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے اسے ایک ’تاریخی اور بنیادی تبدیلی‘ قرار دیا۔
مزید پڑھیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی، شہباز شریف کا خراجِ تحسین
فیلڈ مارشل نے کہا کہ ڈیفنس فورسز ہیڈ کوارٹرز کا قیام اس اسٹریٹیجک تبدیلی کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو تینوں افواج کے آپریشنل رابطے اور ہم آہنگی کو مضبوط بنائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ہر سروس اپنی اندرونی خود مختاری، تنظیمی ڈھانچہ اور انفرادیت برقرار رکھتے ہوئے اپنی آپریشنل تیاریوں کو بہتر بنانے کی ذمہ دار رہے گی۔
مزید پڑھیں: پنجاب اسمبلی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بطور چیف آف ڈیفنس فورسز تعیناتی پر تہنیتی قرارداد جمع
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور اس کی حفاظت جانبازوں کے ایمان، قربانیوں اور قوم کے اتحاد نے ممکن بنا رکھی ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب کا اختتام ’پاکستان ہمیشہ زندہ باد‘ کا نعرہ لگا کرکیا۔











