وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے تمام اسکولوں اور تعلیمی اداروں کے باہر ڈیجیٹل نگرانی کے لیے کیمرے نصب کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں پنجاب پولیس کو اسکول ایجوکیشن کے ساتھ مل کر تعلیمی اداروں میں فرضی مشقیں کرانے کی ہدایت بھی کردی۔ جبکہ تعلیمی اداروں کے لیے سیکیورٹی گارڈ، انٹری چیکنگ اور سی سی ٹی وی لازمی قرار دے دیے گئے۔
مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ مریم نواز کا لودھراں میں بچے کے مین ہول میں گرنے پر غم و غصہ، ڈپٹی کشمنر کو ہٹانے کا حکم
اجلاس میں پنجاب میں دوسروں صوبوں سے آنے اور جانے والی بسوں کے ڈرائیور اور عملے کی رجسٹریشن کا فیصلہ بھی کرلیا گیا۔ اس کے علاوہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو موٹروے پولیس سے سیکیورٹی کے لیے اشتراک کار کی ہدایت کی گئی ہے۔
مریم نواز نے پنجاب بھر کے پارکس میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور سیکیورٹی بہتر بنانے کی ہدایت کی، جبکہ سیف سٹی اتھارٹی کو صوبہ بھر میں کیمروں کا فنکشنل ری ویو کرنے کی ہدایات بھی دی گئیں۔
وزیر اعلیٰ نے راولپنڈی سمیت ہر شہر میں سی سی ٹی وی کیمروں کی کوریج یقینی بنانے کی ہدایت کی، جبکہ گھروں اور مارکیٹوں میں لگے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کوسیف سٹی سے منسلک کرنے کا حکم دیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے سماج دشمن عناصر کی بروقت نشاندہی کے لیے کومبنگ آپریشن مسلسل جاری رکھنے کا حکم دیا، جبکہ غیر قانونی طور افغانوں کے خلاف کارروائی مؤثر بنانے کے لیے پنجاب میں مقیم دوسرے صوبوں کے شہریوں سے رابطوں کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ڈپٹی کمشنرز او ر ڈی پی اوز کو متعلقہ علاقوں میں عمائدین سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں مقیم دوسرے صوبوں کے شہریوں کی سہولت اورآسانی کے لیے کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ مرتب کیاجائے گا، دوسرے صوبوں کے شہریوں کا کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ مرتب کرنے کا مقصد غیرقانونی افغانوں کے درمیان فرق واضح کرنا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہاکہ پنجاب میں کوئی نمایاں عوامی مقام ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی نگرانی سے خالی نہ ہو، پنجاب کو محفوظ ترین صوبہ بنانے تک چین سے نہیں بیٹھوں گی۔
مزید پڑھیں: پنجاب اسمبلی میں کمزور اپوزیشن، مریم نواز کو کوئی سنجیدہ چیلنج درپیش نہیں
انہوں نے کہاکہ پنجاب کو محفوظ ترین بنانے کے لیے شہریوں کی بھی بھرپور معاونت کی ضرورت ہے، شہری اپنے ارد گرد مشکوک، مشتبہ افراد اور سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور 15 پر فوری اطلاع دیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے امن وامان کی صورتحال پر اظہار اطمینان کیا، اور پولیس و قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مشنری جذبے سے کام جاری رکھنے کی ہدایت کی۔












