وزیر داخلہ محسن نقوی سے برسلز میں ہونے والی اہم ملاقات میں یورپی یونین کے کمشنر برائے داخلی امور میگنس برنر نے یورپ پہنچنے کی کوششوں میں غیر قانونی تارکین کی تعداد میں 47 فیصد کمی پر پاکستان کی کارکردگی کو سراہا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر داخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی اور یورپی کمشنر نے انسانی اسمگلنگ، منشیات کی سمگلنگ اور غیر قانونی امیگریشن کے خلاف مشترکہ حکمتِ عملی کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
یہ بھی پڑھیے: بلوچستان: افغان تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن، کوئٹہ سے 100 سے زیادہ افراد گرفتار
محسن نقوی نے گفتگو میں زور دیا کہ اسمگلرز، ڈرگ مافیا اور دہشت گردوں کا گٹھ جوڑ دنیا بھر کے ممالک کے لیے بڑا چیلنج ہے، جس سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے۔ کمشنر نے اعلان کیا کہ غیر قانونی امیگریشن پر مشاورت کے لیے جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ رواں سال پاکستان میں 1,770 انسانی اسمگلرز اور ایجنٹس گرفتار کیے گئے، جو غیر قانونی امیگریشن کے خلاف حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی کا واضح ثبوت ہے۔
دونوں فریقوں نے مستقبل میں بھی مشترکہ کارروائیوں، معلومات کے تبادلے اور ممکنہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔













