چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ میں شامل کی جانے والی دو نئی ٹیموں کی بڈنگ 22 دسمبر کو ہوگی، جبکہ پی ایس ایل کا گیارھواں ایڈیشن 26 مارچ سے شروع کیا جائے گا، اور ایونٹ کا فائنل 3 مئی کو کھیلا جائےگا۔
مزید پڑھیں: 2 نئی پی ایس ایل ٹیموں کے لیے بولی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع
نیو یارک میں پی ایس ایل کے روڈ شو سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ لیگ کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھرپور کوششیں جاری ہیں اور پاکستان کرکٹ کا مستقبل انتہائی روشن دکھائی دیتا ہے۔ ان کے مطابق پی ایس ایل کو دنیا کی نمبر ون لیگ بنانا بورڈ کا ہدف ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نئی ٹیموں کی بڈنگ کا تمام عمل مکمل شفاف ہوگا اور اسے براہ راست نشر بھی کیا جائے گا۔
اس سے قبل انگلینڈ میں کامیاب روڈ شو کے بعد امریکا میں بھی پی ایس ایل کا تعارفی پروگرام منعقد کیا گیا، جہاں نیو یارک کی تقریب میں قومی ترانہ بھی پیش کیا گیا۔
اس روڈ شو میں قومی مینز ٹیم کے 6 کھلاڑی شریک ہوئے جن میں سلمان علی آغا، ابرار احمد، فہیم اشرف، صائم ایوب، شان مسعود اور سعود شکیل شامل تھے۔ تقریب کے دوران چیئرمین پی سی بی اور سابق کرکٹ لیجنڈز کے درمیان پینل ڈسکشن ہوئی۔
مزید پڑھیں: پی سی بی کا مظفرآباد میں پی ایس ایل میچز کرانے کا فیصلہ
اس موقع پر رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ تیزی سے عالمی سطح پر ایک مضبوط برانڈ کے طور پر ابھر رہی ہے اور ملک میں کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، جبکہ کھیل ثقافتوں کو قریب لانے کا مؤثر ذریعہ بھی ہے۔














