وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے پنجگور میں بینکوں اور املاک پر ہونے والے مسلح حملوں پر سی ٹی ڈی اور پولیس کے بروقت، جرات مندانہ اور پیشہ ورانہ ردعمل کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے عوام کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا۔
اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سی ٹی ڈی اور پولیس کے جوانوں نے انتہائی مشکل حالات میں فرض شناسی اور پیشہ ورانہ مہارت کا ثبوت دیا اور بروقت کارروائی کے ذریعے بڑے جانی و مالی نقصان کو روکنے میں کامیاب رہے۔
یہ بھی پڑھیے: پنجگور: رکن بلوچستان اسمبلی کا بھائی مسلح افراد کی فائرنگ سے قتل، وزیراعلیٰ کا نوٹس
انہوں نے کارروائی کے دوران شہید ہونے والے سی ٹی ڈی کانسٹیبل درا خان کی عظیم قربانی، جرات اور بہادری کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید درا خان جیسے بہادر سپوتوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پوری قوم ان عظیم شہدا کے خون کی مقروض ہے جنہوں نے ملک و قوم کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے واقعے میں شہید ہونے والے شہری کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی۔
یہ بھی پڑھیے: پنجگور: مسلح افراد کی فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ صوبے میں دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے اور ریاست پوری قوت کے ساتھ ملک دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید مؤثر اور مضبوط بنایا جائے گا تاکہ ایسے واقعات کا بروقت اور فیصلہ کن جواب دیا جا سکے۔














