لاہور ہائیکورٹ نے سلمان شاہ اور انکی فیملی پر درج تمام مقدمات کا ریکارڈ طلب کرلیا

بدھ 24 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیرخزانہ سلمان شاہ اور انکے فیملی ممبران کے خلاف درج تمام مقدمات کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے، سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ کی جانب سے انکو اور انکی فیملی کو ہراساں کرنے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔

 لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس انوار الحق پنوں نے ہراسگی سے متعلق درخواست پرسماعت کی، درخواست گزار سلمان شاہ کی طرف سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ اور خواجہ طارق رحیم پیش ہوٸے۔

سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ درخواست گزار کی بیٹی خدیجہ نے اپنی گرفتاری دے دی ہے۔ جس پر عدالت نے کہا کہ ان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات مہیا کی جاٸیں۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جب انہوں نے خود کو قانون کے حوالے کر دیا ہے تو ایف آٸی آرز کا ریکارڈ فراہم کرنے میں کیا رکاوٹ ہے۔ تفصیلات مہیا کی جاٸیں تا کہ وہ اپنے لٸے قانونی چارہ جوٸی کر سکیں۔

دائر درخواست میں وفاقی اور صوبائی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سلمان شاہ ملک کے نامور ماہر اقتصادیات اور سابق وزیر خزانہ اور سابق آرمی چیف جنرل آصف نواز جنجوعہ کے داماد ہیں۔

درخواست گزار اور پانچ بچوں کو بے جا سیاسی مقدمات میں الجھایا جارہا ہے، درخواست گزار اور فیملی کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم نہیں کی جا رہی ہیں۔

عدالت درخواست گزار اور فیملی ممبرز کو ہراساں کرنے سے روکنے کا حکم دے اور درج نامعلوم مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔

عدالت نے مقدمات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت 26 مئی تک ملتوی کردی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp