ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی سفری دستاویزات کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے تین مسافروں کو گرفتار کر لیا۔
ایف آئی اے حکام نے مسافروں کو امیگریشن کلیئرنس کے دوران آف لوڈ کیا۔ گرفتار مسافروں میں عامر، علی حسین اور اعجاز شامل ہیں۔ مسافر عامر وزٹ ویزے پر دبئی جا رہا تھا، تاہم امیگریشن چیک کے دوران اس کی جانب سے پیش کیا گیا یوکرائن کا ریذیڈنٹ کارڈ جعلی نکلا۔
یہ بھی پڑھیے: ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، سمندر کے راستے ایران جانیوالے 14 ملزمان گرفتار
ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ مسافر نے یہ جعلی کارڈ ایک ایجنٹ سے حاصل کیا تھا اور اس کے عوض مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے ادا کیے تھے۔
ایف آئی اے کے مطابق مسافر علی حسین ورک پرمٹ (ڈرائیور) پر سعودی عرب روانگی کی کوشش کر رہا تھا، لیکن اس کی جانب سے پیش کیا گیا کلفٹن لائسنس برانچ کراچی کا ڈرائیونگ لائسنس بھی جعلی ثابت ہوا۔ مسافر نے دورانِ تفتیش بتایا کہ یہ جعلی ڈرائیونگ لائسنس ایک ایجنٹ نے بھاری رقم وصول کر کے بنوا کر دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے: ایف آئی اے کا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں غیر قانونی کٹوتیوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 2 ملزمان گرفتار
اسی طرح سعودی عرب جانے والے مسافر اعجاز کے پاسپورٹ پر قطر کا جعلی ویزا لگا ہوا تھا۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق مسافر نے یہ جعلی ویزا ایجنٹ سے 3 لاکھ روپے کے عوض لگوایا تھا۔
تمام گرفتار مسافروں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔














