بھارت کے شہر بنگلورو میں ایک معروف ٹی وی اور فلمی اداکارہ کو مبینہ طور پر بیٹی کی تحویل حاصل کرنے کے لیے اس کے علیحدہ رہنے والے شوہر نے اغوا کر لیا۔
پولیس نے اداکارہ کی بہن کی شکایت پر مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ درج کرائی گئی ایف آئی آر کے مطابق اداکارہ چیترا آر اور اس کے شوہر ہرش وردھن کے درمیان گزشتہ سات سے آٹھ ماہ سے ازدواجی اختلافات کے باعث علیحدگی تھی اور اداکارہ اپنی ایک سالہ بیٹی کے ساتھ بنگلورو کے مگڈی روڈ پر کرائے کے مکان میں رہ رہی تھی۔ دونوں کی شادی سال 2023 میں ہوئی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: اداکارہ کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے کیس میں ملزمان کو 20 سال قید کی سزا
علیحدگی کے بعد چیترا نے بطور سیریل اداکارہ کام جاری رکھا۔ 7 دسمبر کو اس نے اپنے اہلِ خانہ کو بتایا کہ وہ شوٹنگ کے لیے میسور جا رہی ہے تاہم مبینہ طور پر یہ اس کے شوہر کی منصوبہ بندی کا حصہ تھا۔ شکایت کے مطابق ہرش وردھن نے اپنے ساتھی کوشک کو 20,000 روپے بطور ایڈوانس دیے جس نے ایک اور شخص کی مدد سے چیترا کو صبح تقریباً 8 بجے میسور روڈ میٹرو اسٹیشن پر بلایا۔ وہاں سے اسے زبردستی ایک کار میں بٹھا کر NICE روڈ اور بیددی روٹ کے ذریعے لے جایا گیا۔
اطلاعات کے مطابق صبح تقریباً 10:30 بجے اداکارہ نے اپنے دوست گریش کو اغوا کی اطلاع دی جس کے بعد اہلِ خانہ کو معاملے سے آگاہ کیا گیا۔ شام کے وقت ہرش وردھن نے مبینہ طور پر اداکارہ کی والدہ سدھامّا کو فون کر کے اغوا کا اعتراف کیا اور دھمکی دی کہ اگر بچی کو اس کے بتائے گئے مقام پر نہ لایا گیا تو اداکارہ کو رہا نہیں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: بالی ووڈ اداکار شکتی کپور اغوا کی سازش سے کیسے بچے؟
واقعے کے بعد اہلِ خانہ نے پولیس سے رجوع کیا، جس پر اداکارہ کی بہن لیلا آر کی شکایت کی بنیاد پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مرکزی ملزم ہرش وردھن وردھن انٹرپرائزز کا مالک اور ایک فلم پروڈیوسر ہے۔













