کسی سے نہیں ڈرتا، جب کہیں گیا تو خود بتا دوں گا، علی امین گنڈاپور نے خاموشی توڑ دی

بدھ 17 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ان کے خلاف دانستہ پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وہ کسی سے خوفزدہ نہیں اور اگر کسی سے ملاقات کریں گے یا کہیں جائیں گے تو اس کی خود وضاحت کریں گے۔

یہ بھی پڑھیے: خیبر پختونخوا: پی ٹی آئی سے دوری، کیا علی امین گنڈاپور پارٹی چھوڑ رہے ہیں؟

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ زندگی کے آخری لمحے تک پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ میلے کے موقع پر یوسف رضا گیلانی اور گورنر پنجاب سے ملاقات کے حوالے سے جو باتیں پھیلائی گئیں وہ محض افواہیں ہیں، جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں پروپیگنڈے اور ڈراموں کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دی جانی چاہیے۔ علی امین گنڈاپور نے آخر میں کہا کہ وہ عمران خان کے ساتھ ہیں اور آئندہ بھی ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو جس فسطائیت کا سامنا ہے وہ کوئی نیا معاملہ نہیں بلکہ یہ ایک طویل عرصے سے جاری ہے۔ پارٹی کے بانی عمران خان اس وقت ناحق قید میں ہیں اور ان پر جھوٹے اور من گھڑت مقدمات قائم کیے گئے ہیں، جبکہ انہیں انصاف فراہم نہیں کیا جا رہا۔

یہ بھی پڑھیے: اڈیالہ کے قریب دھرنا: عمران خان اور ان کی بہنوں سمیت متعدد پی ٹی آئی کارکنوں پر مقدمہ درج

انہوں نے کہا کہ آئین و قانون کا مذاق بنایا جا رہا ہے اور جمہوری اقدار کو مسلسل پامال کیا جا رہا ہے، جس کی وہ سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ اگر عمران خان کے لیے فیملی ملاقات طے ہے تو پھر ملاقات کو یقینی بنایا جائے۔

سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ سہیل آفریدی ان کے بھائی کی مانند ہیں اور اب وہ وزیراعلیٰ کے منصب پر فائز ہیں، جبکہ ان کے دور حکومت میں شروع کیے گئے تمام ترقیاتی منصوبے آج بھی جاری ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp