شے گل صرف 25 سال کی عمر میں عالمی سطح پر پہچان بنانے والی گلوکارہ بن چکی ہیں۔ کوک اسٹوڈیو پاکستان کے ہٹ گانے ’پسوُڑی‘ نے نہ صرف ان کی شہرت کو آسمان پر پہنچا دیا بلکہ انہیں بین الاقوامی سنسیشن بھی بنا دیا۔
حال ہی میں اداکارہ دنانیر مبین کے شو ’گرلز اونلی‘ میں شے گل نے اپنے غیر متوقع کیریئر کے سفر، شہرت کے چیلنجز اور اس نام کے پیچھے چھپی ذاتی کہانی پر کھل کر بات کی۔
یہ بھی پڑھیں: ’پسوڑی گرل‘ شے گل کو آج کل کس پریشر کا سامنا ہے؟
شے گل نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا اصل نام انوشے بابر گل ہے تاہم انہیں میوزک انڈسٹری میں شے گل نام سے جانا جاتا ہے جو فارسی میں امر کا مطلب رکھتا ہے۔ ان کے دوستوں نے انہیں گیم آف تھرونز کے ایک کردار کی مشابہت کی بنیاد پر ’شے‘ کے نام سے پکارنا شروع کیا۔ ایک دوست ایمان کے مشورے پر اسٹیج نیم ’شے گل‘ اپنایا گیا جو جلد ہی عالمی سطح پر پہچانا جانے لگا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اصل میں ماہر اقتصادیات بننا چاہتی تھیں مگر موسیقی زندگی میں ایک اتفاقیہ طور پر آئیں۔ ایمان نے ان کی ریکارڈنگز کو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کر کے ان کی شہرت میں اہم کردار ادا کیا۔ شے گل کے مطابق ’جو کچھ میں آج ہوں وہ سب ایمان کی وجہ سے ہے‘۔
یہ بھی پڑھیں: کوک اسٹوڈیو سیزن 15: ساتویں گانے ’بلاک بسٹر‘ نے شائقین کے دل جیت لیے
شے نے شہرت کے مثبت اور منفی پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ’جتنا زیادہ لوگ آپ کو جانتے ہیں اتنی ہی زیادہ نفرت ملتی ہے‘ تاہم وہ تعمیری تنقید کو خوش دلی سے قبول کرتی ہیں جو ان کے کیریئر میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔
واضح رہے کہ 7 فروری 2022 کو ریلیز ہونے والی کوک اسٹوڈیو پاکستان کے گانے’پسوڑی‘ نے نہ صرف اس فرنچائز کے تمام ریکارڈ توڑ دیے بلکہ یوٹیوب پر 930 ملین سے زائد ویوز حاصل کر کے شعی گل کو بین الاقوامی شہرت دلا دی۔’پسوڑی‘ کی عالمی مقبولیت کے ساتھ ان کا سفر ابھی شروع ہوا ہے اور آنے والے دنوں میں مزید کامیابیاں سامنے آنے کی توقع ہے۔














