بالی ووڈ اداکارہ ندھی اگروال کو فلم ’دی راجہ صاحب‘ کے گانے ’ساہنا ساہنا‘ کے لانچ ایونٹ کے دوران ایک بے قابو ہجوم نے گھیر لیا اور دھکے دینے لگے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایونٹ کے دوران مداحوں کی بڑی تعداد کی موجودگی کے باعث نِدھی اگروال کو اپنی گاڑی تک پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ہجوم نے اداکارہ کو گھیر لیا اور دھکیلنے کی کوششیں کیں جس سے وہ واضح طور پر پریشان دکھائی دیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’لندن سے بہتر سیکیورٹی تو پاکستان میں ہے‘، اداکارہ ماہرہ خان کو فلم کی تشہیر کے دوران ہراسانی کا سامنا
کئی سوشل میڈیا ویڈیوز میں یہ منظر دکھائی دے رہا ہے کہ نِدھی اپنی سکیورٹی ٹیم کے باوجود گاڑی تک پہنچنے میں جدوجہد کر رہی ہیں۔ گاڑی میں سوار ہونے کے بعد ندھی نے سکھ کا سانس لیا اور کہا یہ کیا تھا؟
View this post on Instagram
اس واقعے پر سوشل میڈیا صارفین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ بہت پریشان کن ہے۔ کئی افراد نے شائقین کے رویے کو غیر ذمہ دارانہ اور غیر محفوظ قرار دیا اور ہجوم کو کنٹرول کرنے اور ذاتی حدود کے احترام کی ضرورت پر زور دیا۔
کئی صارفین انتظامیہ پر تنقید کرتے نظر آئے اور اس کا ذمہ دار انہیں ٹھہرایا۔ ایک صارف نے کہا کہ ہجوم کو الزام نہ دیں بلکہ ٹیم کو ذمہ دار ٹھہرائیں۔ اس مال کے ارد گرد کتنے ہاسٹل ہیں اور لابی کتنی چھوٹی ہے۔ یہ بدترین انتظام تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ’نیشنل کرش‘ بننے کے بعد بالی ووڈ اداکارہ کو ہراسانی کا سامنا، نازیبا پیغامات کا انکشاف
جبکہ ایک صارف کا کہنا تھا کہ تھوڑی سی سمجھداری، نظم و ضبط اور احترام سے اس صورتحال کو روکا جا سکتا تھا۔ سیلیبریٹیز بھی انسان ہیں، عوامی ملکیت نہیں۔
’ دی راجہ صاحب‘ کی ہدایتکاری ماروتھی نے کی ہے۔ یہ پربھاس کی پہلی مکمل ہارر فلم ہے۔ اس فلم میں نِدھی اگروال، سانجے دت، ملاویکا موہنان، اور رِدھی کمار بھی اہم کرداروں میں ہیں۔ فلم کی شوٹنگ اکتوبر 2022 میں شروع ہوئی اور متعدد تاخیرات کے بعد یہ 9 جنوری 2026 کو ریلیز ہوگی۔














