شراب کے نشے میں دھت ریکون متعدد دکانوں پر دھاوا بولنے کی وارداتوں میں ملوث

جمعرات 18 دسمبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا کی ریاست ورجینیا میں شراب کی دکان میں گھس کر بوتلیں توڑنے اور شراب پی کر بے ہوش ہونے والا ریکون اب مزید 2 وارداتوں میں بھی مشتبہ قرار دیا گیا ہے۔

گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں دیکھا گیا تھا کہ دکان میں شراب کی ٹوٹی ہوئی بوتلیں بکھری پڑی ہیں جبکہ ریکون ٹوائلٹ کے پاس بے ہوش حالت میں پڑا ہے۔ تاہم جس خاتون نے ریکون کو دریافت کیا، انکشاف کیا ہے کہ یہ اس کی پہلی واردات نہیں تھی۔

یہ بھی پڑھیے: سعودی عرب: جانوروں کے لیے مسیحا کی حیثیت رکھنے والے پاکستانی نژاد کی موت پر سوگ کی فضا

اینمل پروٹیکشن آفیسر سمانتھا مارٹن کے مطابق یہ پہلی بار نہیں کہ وہ کسی عمارت میں گھسا ہو، یہ اس کی تیسری واردات ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ریکون اس سے قبل ایک کراٹے اسٹوڈیو اور محکمہ موٹر وہیکلز (ڈی ایم وی) کے دفتر میں بھی داخل ہو چکا تھا، جہاں ایک بار اس نے عملے کے اسنیکس بھی کھا لیے تھے۔

سمانتھا مارٹن نے کہا کہ یہ انتہائی ہوشیار ننھا جانور ہے، جسے دونوں مرتبہ ان عمارتوں سے باہر نکال دیا گیا تھا۔ یہ تمام عمارتیں ایش لینڈ میں واقع اسی کمپلیکس میں ہیں جہاں اے بی سی شراب کی دکان موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ریکون کو دوسری جگہ منتقل نہیں کرتے کیونکہ یہ ان کے لیے موت کے مترادف ہوتا ہے، مگر کسی نہ کسی طرح وہ دوبارہ اسی عمارت میں واپس آنا جانتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: پانامہ کے جزیرے پر بندروں نے ساتھی بندروں کے بچوں کو اغوا کرنا شروع کر دیا

بے ہوش ریکون کو جانوروں کے شیلٹر منتقل کیا گیا، جہاں اسے چند گھنٹوں کے لیے پنجرے میں رکھا گیا تاکہ وہ ہوش میں آ سکے۔ بعد ازاں صحت یاب ہونے پر اسے جنگل میں آزاد کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق ریکون نر تھا۔

ادھر جانوروں کے شیلٹر نے اس واقعے کو ایک مثبت موقع میں بدلتے ہوئے ایک کمپنی کے ساتھ شراکت داری کر لی ہے، جس کے تحت ‘ٹراشڈ پانڈا’ کے نام سے ٹی شرٹس، ہوڈیز، مگ اور اسٹیکرز فروخت کیے جا رہے ہیں۔

ان مصنوعات کی فروخت سے اب تک ایک لاکھ 80 ہزار ڈالر (تقریباً ایک لاکھ 35 ہزار پاؤنڈ) جمع ہو چکے ہیں، جو جانوروں کے شیلٹر کی بہتری پر خرچ کیے جائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp