پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی ) نے اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن کی مہم چلانے کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے اسلام آباد بلدیاتی انتخابات سے قبل بڑا اعلان کردیا
پی ٹی آئی اسلام آباد کے ریجنل صدر عامر مغل نے اسلام آباد بلدیاتی الیکشن کمیٹی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔ کمیٹی کی سربراہی ریجنل جنرل سیکریٹری ملک عامر علی اعوان کریں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کا قیام بلدیاتی انتخابات میں شفاف، میرٹ پر مبنی اور قانونی تقاضوں کے مطابق انتخابی عمل کو کامیابی سے مکمل کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ کمیٹی کے اراکین میں مدر باڈی کے ڈسٹرکٹ صدور، جنرل سیکریٹریز، پارٹی ونگز کے ریجنل سربراہان، ایم این اے اور سینیٹ کے ٹکٹ ہولڈرز، سابقہ منتخب چیئرمین اور نامزد لیگل ٹیم کے نمائندگان شامل ہیں۔

کمیٹی انتخابات کے لیے مشترکہ انتخابی منشور کی تیاری، اسلام آباد بھر میں متحدہ انتخابی مہم کی منصوبہ بندی، نگرانی، ضلع اور یونین کونسل کی سطح پر کمپین ٹیموں کی تشکیل اور رہنمائی، امیدواروں کی مکمل نمائندگی اور کاغذاتِ نامزدگی کے عمل کی نگرانی کرے گی، کمیٹی لیگل ٹیم کے ذریعے قانونی پیچیدگیوں کا بروقت ازالہ بھی کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: الیکشن کمیشن کا اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ریجنل صدر اور جنرل سیکریٹری کی مشاورت سے قائم کردہ ریجنل پارلیمانی بورڈ کے ساتھ رابطے، میرٹ کی بنیاد پر ٹکٹوں کی تقسیم میں معاونت، پارٹی کارکنان کو ترجیحی بنیاد پر میدان میں اتارنا، بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے عوامی سطح پر رابطہ مہم اور پارٹی پیغام کو یونین کونسل سطح تک پہنچانا کمیٹی کے دیگر اہم امور میں شامل ہیں۔
کمیٹی اس بات کو یقینی بنائے گی کہ پاکستان تحریکِ انصاف اسلام آباد بلدیاتی انتخابات میں کلین سویپ کرے اور اپنے مینڈیٹ کی حفاظت کرے۔














