محکمہ تعمیراتِ عامہ آزاد کشمیر کے سابق چیف انجینیئر راجا مشتاق جو لاپتا ہو گئے تھے، کچے کے ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھ گئے۔
مزید پڑھیں: سندھ: کچے کے ڈاکوؤں کے ہتھیار ڈالنے سے پائیدار امن قائم ہو پائے گا؟
اغواکاروں نے ان کی ایک ویڈیو جاری کرتے ہوئے رہائی کے بدلے 3 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا ہے۔
راجا مشتاق کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع باغ کی تحصیل دھیرکوٹ آزاد کشمیر سے ہے۔
جاری کی گئی ویڈیو میں وہ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے سابق امیدوار اسمبلی راجا افتخار ایوب اور دیگر افراد سے اپیل کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ تاوان ادا کرکے ان کی رہائی ممکن بنائی جائے۔
واقعے کے بعد اہلِ خانہ اور متعلقہ حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے، جبکہ سیکیورٹی اداروں کی جانب سے معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے باخبر صحافی رئیس احمد خان نے ’وی نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ سابق چیف انجینیئر راجا مشتاق کچے کے ڈاکوؤں کے ہتھے چڑھ گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: کچے کے ڈاکوؤں کا تاوان کے لیے اغوا کیے گئے شہری پر تشدد، ویڈیو اہل خانہ کو بھیج دی
انہوں نے بتایا کہ اغواکاروں کی جانب سے 3 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا جارہا ہے، جبکہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد اہل خانہ میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ اور اس سلسلے میں حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔














