معروف یوٹیوبر رجب بٹ وکلا کے ہمراہ ڈسٹرکٹ سینٹرل کراچی کی عدالت پہنچ گئے۔ عدالت نے رجب بٹ کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
رجب بٹ اسلام آباد سے حفاظتی ضمانت حاصل کرنے کے بعد کراچی کی عدالت پہنچے ہیں اور انہوں نے عدالت میں پیش ہو کر سرنڈر کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ڈکی بھائی کی طرح ’بگ برادر ‘کی مدد ملی؟ رجب بٹ بول اٹھے
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت وسطی/سٹی کورٹ نے یوٹیوبر رجب بٹ کے خلاف توہین مذہب کے مقدمے میں ضمانت منظور کر لی ہے۔ عدالت نے رجب بٹ کو 1 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم بھی دیا ہے۔
رجب بٹ تھانہ حیدری میں درج توہین مذہب کے مقدمے میں مفرور تھے، تاہم انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کر کے ٹرائل کورٹ میں خود سرینڈر کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ سے ڈی پورٹ ہونے والے رجب بٹ اور ندیم نانی والا کے لیے پاکستانی عدالت کا اہم فیصلہ
رجب بٹ کے وکیل ملزم میاں اشفاق کے مطابق یوٹیوبر نے عبوری ضمانت کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا۔ وکیل کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف کوئی ٹھوس ثبوت موجود نہیں یہ معاملہ سی پی آر سی 196 کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے اور نہ ہی صوبائی یا وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی شکایت موصول ہوئی ہے۔ وکیل نے مزید کہا کہ ملزم شامل تفتیش ہو کر تحقیقات میں مکمل تعاون کرے گا۔
واضح رہے کہ رجب بٹ کے خلاف رواں برس ستمبر میں غیر قانونی جوئے کی ایپس کی تشہیر کے الزام میں مقدمہ درج ہوا تھا جب کہ ان پر اسلامی شخصیات کی مبینہ توہین کا الزام بھی ہے جس سے متعلق درخواست لاہور ہائی کورٹ میں بھی زیرِ سماعت ہے۔
برطانیہ نے رجب بٹ کا ویزا منسوخ کرتے ہوئے انہیں ڈی پورٹ کیا تھا جس کے بعد وہ پاکستان پہنچے تھے اور عدالت نے ان کی 10 روزہ راہداری ضمانت منظور کی تھی۔














