پنجاب میں ماحولیات کے شعبے میں شفافیت اور قانونی اثر کو یقینی بنانے کے لیے ادارہ تحفظ ماحول پنجاب نے بڑا انتظامی فیصلہ کیا ہے۔ اب تمام ماحولیاتی منظوریوں، لیبارٹری سرٹیفکیشن اور پروٹیکشن آرڈرز صرف ڈیجیٹل نظام e-FOAS کے تحت جاری ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب: تاریخ میں پہلی بار اینٹوں کے بھٹوں کی ماحولیاتی کمپلائنس رپورٹ جاری
ڈی جی ماحولیات عمران حامد شیخ کے مطابق ماحولیاتی لیبارٹری سرٹیفیکیشن، سیکشن 12 کے تحت ماحولیاتی منظوریوں اور سیکشن 16 کے تحت ماحولیاتی تحفظ احکامات کا اجرا صرف e-FOAS کے ذریعے ممکن ہوگا۔

امپورٹ لائسنس سے متعلق ماحولیاتی سفارشات بھی مکمل طور پر ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے جاری ہوں گی۔ ہر دستاویز پر یونیک ریفرنس نمبر اور کیو آر کوڈ لازمی ہوگا اور ڈیجیٹل نظام سے باہر جاری دستاویز غیر قانونی اور کالعدم ہوگی۔ خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ افسر یا دستخط کنندہ کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان تحریک انصاف کے پنجاب میں متحرک نہ ہونے کی وجہ کیا ہے؟
ڈیجیٹل نظام کے نفاذ کے بعد تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، صنعتی ادارے، چیمبرز آف کامرس اور ای پی اے سرٹیفائیڈ لیبارٹریز کو فوری طور پر احکامات پر عملدرآمد کی ہدایت دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور ترمیم یا واپسی تک مؤثر رہے گا۔














