متواتر بارشوں اور غیر مستحکم موسم نے دبئی سمیت پورے متحدہ عرب امارات میں معمولات زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے۔ رہائشیوں نے دفاتر کے لیے ورک فرام ہوم اختیار کیا، سفری انداز بدلے، اسکولوں میں حفاظتی انتظام بڑھا دیا گیا، ہوائی اڈوں پر درجنوں پروازیں مؤخر ہوئیں اور فوڈ ڈیلیوری سروسز عارضی طور پر روک دی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں:یو اے ای کی سڑکوں پر اب الیکٹرک رکشے دوڑتے نظر آئیں گے، حتمی منظوری کا انتظار
حکام نے حفاظتی تدابیر کو اولین ترجیح دینے کی ہدایات جاری کر دی ہیں جبکہ شدید موسم جمعہ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
دفاتر میں ورک فرام ہوم اور شہریوں کے سفر میں تبدیلی
جمعرات کو دبئی اور قریبی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے دوران متعدد شہریوں نے گھر سے کام کرنے کا فیصلہ کیا۔ کئی ملازمین نے پچھلے تجربات کی روشنی میں گاڑی چلانے کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ جیسے میٹرو کو ترجیح دی۔

رہائشیوں کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال کی بارشوں نے ٹریفک اور سڑکوں کی صورتحال کے خطرات واضح کر دیے ہیں۔
مزدوروں اور آؤٹ ڈور اسٹاف کی حفاظت کو ترجیح
یو اے ای کی وزارت انسانی وسائل نے شدتِ موسم کے دوران نجی شعبے کو تنبیہ کی ہے کہ بیرونی کام کرنے والے ملازمین کی حفاظت کیلئے تمام احتیاطی اقدامات کئے جائیں۔ وزارتی بیان میں کہا گیا ہے کہ جمعرات اور جمعہ کو موسم کے باعث آؤٹ ڈور ذمہ داریوں میں لچک اپنائی جائے۔
موسم کی شدت میں اضافہ، بارش، ژالہ باری اور تیز ہواؤں کا امکان
قومی مرکزِ موسمیات کے مطابق ملک بھر میں بارش اور تیز ہواؤں کا سلسلہ مرحلہ وار دو دن جاری رہے گا۔ ابوظبی اور دبئی میں آدھی رات کے بعد بارش کا ایک اور بڑا سلسلہ متوقع ہے جبکہ مشرقی علاقوں میں جمعرات کی صبح سے ہی وادیاں بھرنے اور تیز بارش کی اطلاعات مل رہی ہیں۔

جانوروں کی حفاظت کے لیے شہری سرگرم
دبئی میں کچھ غیر ملکی رہائشیوں نے بارش اور دھول کے طوفان کے خطرات کے باعث آوارہ بلیوں کیلئے خصوصی فیڈنگ اسٹیشنز تیار کیے تاکہ جانور موسم سے محفوظ رہ سکیں۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ یہ اقدام انسانیت اور سماجی ذمہ داری کے تحت اٹھایا گیا ہے۔
اسکول اسٹاف اور طلبہ کی حفاظت اولین ترجیح
دبئی کی نالج اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے نجی تعلیمی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ نہ صرف حفاظتی اقدامات سخت کیے جائیں بلکہ جہاں ممکن ہو کام کے اوقات اور تدریسی سرگرمیوں میں نرمی اختیار کی جائے۔ موسمی خطرات کے پیش نظر اسکولوں اور ایجوکیشن سینٹرز کو بیرونی سرگرمیوں سے گریز کا حکم بھی دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب اور متحدہ عرب امارت میں شدید بارشیں، طوفان اور برفباری
دبئی ایئرپورٹ پر ہنگامی صورتحال، پروازیں تاخیر اور منسوخ
شدید بارشوں اور کم نظر آنے کے باعث دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پروازوں کی بڑی تعداد متاثر ہوئی۔ انتظامیہ نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ زیادہ وقت لے کر ایئرپورٹ پہنچیں یا میٹرو کا استعمال کریں جبکہ سفر سے قبل پرواز کی تازہ صورتحال کی تصدیق لازمی کریں۔ کئی بین الاقوامی ایئرلائنز کی پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار ہیں۔
فوڈ ڈیلیوری سروسز بھی معطل
جمعہ کی صبح شدید بارش، تیز ہواؤں اور کم حدِ نظر کے سبب فوڈ ڈیلیوری ایپس نے متعدد علاقوں میں آرڈرز روک دیے۔ ریسٹورنٹس آن لائن نظر آ رہے تھے مگر حفاظتی وجوہات کے باعث آرڈر پلیس نہیں ہو رہے تھے۔ کمپنیوں کے مطابق موٹر سائیکل سواروں کیلئے خطرات بہت زیادہ ہیں، اسی وجہ سے خدمات بند کر دی گئیں۔












