لودھراں میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے ہونہار طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب اُس وقت جذباتی منظر میں بدل گئی جب اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کی معذور طالبہ عروج فاطمہ نے اسٹیج پر آ کر اپنی روداد سنائی اور مریم نواز کا شاندار الفاظ میں شکریہ ادا کیا۔ مختصر مگر دل کو چھو لینے والی تقریر نے ہال میں موجود شرکا کو آبدیدہ کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب لودھراں کے تاریخی تعلیمی اجتماع میں طلبہ کے درمیان، لیپ ٹاپ تقسیم
بی ایس کی طالبہ عروج فاطمہ نے بتایا کہ وہ ایک غریب مزدور خاندان سے تعلق رکھتی ہیں اور یونیورسٹی میں داخلے کے بعد لیپ ٹاپ نہ صرف ان کی ضرورت تھا بلکہ ان کا خواب بھی تھا۔
عروج فاطمہ نے بتایا کہ جب انہوں نے اپنے والد سے لیپ ٹاپ خریدنے کی خواہش کا ذکر کیا تو والد کی آنکھوں میں آنسو آ گئے، انہوں نے میرے سر پر ہاتھ رکھ کر منہ دوسری طرف کر لیا، کیونکہ وہ لیپ ٹاپ نہیں خرید سکتے تھے۔
طالبہ نے کہا کہ آپ نے لیپ ٹاپ دے کر میرے والد کے چہرے پر خوشی دی ہے، آپ نے مجھ جیسی غریب طالبات کو لیپ ٹاپ دے کر آگے بڑھنے کا موقع دیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اس لیپ ٹاپ کی مدد سے میں اپنے والد کے مالی مسائل کم کرنے کی کوشش کروں گی۔
یہ بھی پڑھیں: پرائم منسٹر یوتھ لیپ ٹاپ اسکیم 2025 کا باقاعدہ آغاز ہوگیا
عروج فاطمہ نے اپنی تقریر میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو عوام کی دوست اور طالب علموں کا سہارا قرار دیا اور کہا کہ یہ لیپ ٹاپ محض ایک مشین نہیں بلکہ ان جیسے ہزاروں طلبہ کے لیے مستقبل کی کنجی ہے۔
تقریب کے اختتام پر شرکا نے طالبہ کی ہمت، حوصلے اور سچائی کو سراہا، جبکہ سوشل میڈیا پر بھی ان کی تقریر کو بے حد پسند کیا جا رہا ہے اور صارفین اسے غریب مگر باہمت طالب علموں کی آواز قرار دے رہے ہیں۔













