بھارت نے ٹی20 سیریز کے 5ویں اور فیصلہ کن میچ میں جنوبی افریقہ کو 30 رنز سے شکست دے کر سریز اپنے نام کرلی ہے، بھارت نے اپنی سیریز جیتنے کی مسلسل فتوحات کا سلسلہ 10 تک بڑھا دیا ہے، سیریز کا چھوتھا میچ اسموگ کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا جبکہ بھارت نے 3 میچز میں کامیابی سمیٹی، ایک میچ میں جنوبی افریقہ فاتح رہا۔
یہ بھی پڑھیں: اسموگ کے باعث جنوبی افریقہ کیخلاف چوتھا ٹی20 منسوخ، بھارتی کرکٹ بورڈ تنقید کی زد میں
میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز اسکور کیے۔ تلک ورما نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 42 گیندوں پر 73 رنز بنائے جبکہ ہاردک پانڈیا نے صرف 25 گیندوں پر 63 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جو بھارتی ٹیم کی جانب سے ٹی 20 انٹرنیشنل میں دوسری تیز ترین نصف سنچری رہی۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے مارکو یانسن نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں جنوبی افریقہ کی اننگز کا آغاز شاندار رہا اور کوئنٹن ڈی کاک اور ڈیووالڈ بریوس نے 10 اوورز میں اسکور کو 118 تک پہنچا دیا، تاہم گیند خشک ہونے کے بعد بھارتی بولرز نے شاندار واپسی کی اور صرف 15 رنز کے اندر 4 وکٹیں حاصل کر کے میچ کا رخ بدل دیا۔
کوئنٹن ڈی کاک نے 65 رنز کی اننگز کھیلی لیکن وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے۔ بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہوئے 4 اوورز میں صرف 17 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ورون چکرورتی نے 4 وکٹیں لے کر جنوبی افریقہ کی بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا۔
یہ بھی پڑھیں: تیسرا ون ڈے، بھارت نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی
مارکو یانسن نے 16ویں اوور میں لگاتار چھکے لگا کر ایک بار پھر بھارت کو دباؤ میں ڈال دیا، تاہم آخری اوورز میں بھارتی بولرز کی منظم کارکردگی کے باعث جنوبی افریقہ مطلوبہ رفتار برقرار نہ رکھ سکا۔
میچ میں مجموعی طور پر 432 رنز بنے، جس میں ہاردک پانڈیا اور تلک ورما کی جارحانہ بیٹنگ کو فتح کی بنیاد قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ رات کے میچ میں بڑا ہدف ڈیفینڈ کرنا ہمیشہ مشکل ثابت ہوتا ہے۔














