میکسیکو سٹی میں ایک کمرشل پرواز اس وقت غیر معمولی صورتحال کا شکار ہوگئی جب پائلٹ نے واجبات کی عدم ادائیگی پر جہاز اڑانے سے انکار کردیا اور خود کو کاک پٹ میں بند کرلیا۔ واقعہ جمعہ کے روز پیش آیا جس نے مسافروں کو شدید پریشانی میں مبتلا کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: 23 نومبر: جب ایک نرس نے بغیر کسی ہتھیار کے طیارہ ہائی جیک کیا
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پائلٹ کا مؤقف تھا کہ جب تک ایئرلائن انتظامیہ اس کے بقایا جات ادا نہیں کرتی، وہ جہاز کو ٹیک آف کی اجازت نہیں دے گا۔ طیارے میں سوار مسافروں سے گفتگو کرتے ہوئے پائلٹ نے کہا کہ وہ گزشتہ تقریباً تین برس سے اس ایئرلائن کے ساتھ وابستہ ہے اور اس دوران اس نے کبھی پرواز کی ذمہ داری سے پیچھے قدم نہیں ہٹایا، مگر اب اس کے پانچ ماہ کی تنخواہ اور سفری اخراجات ادا نہیں کیے گئے۔
#ÚLTIMAHORA | Detienen a piloto tras retener avión de Magnicharters en el AICM debido a que fue despedido
Se indicó que los pasajeros ya estaban abordo cuando se le comunicó al piloto del avión que había sido despedido, por lo que su actitud fue encerrarse en la cabina y empezar… pic.twitter.com/VAsXmZ2C25
— Milenio (@Milenio) December 20, 2025
پائلٹ نے مسافروں سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس صورتحال کے حقدار نہیں، تاہم وہ تین بچوں کا باپ ہے اور مجبوری کے عالم میں یہ قدم اٹھا رہا ہے۔ یہ منظر سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوا، جس میں پائلٹ کو اپنے مطالبات دہراتے دیکھا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پائلٹ کی انجینیئرز سے 50 منٹ کی کانفرنس کال بھی ایف 35 طیارہ نہ بچاسکی
میکسیکو سٹی کے بینیٹو خواریز انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق دوپہر 3:00 بجے کے قریب اس پرواز پر ایک واقعے کی اطلاع ملی، جس کے بعد سول ایوی ایشن حکام نے تحقیقات شروع کردیں۔ مذکورہ پرواز کو جنوبی میکسیکو کے سیاحتی شہر کینکون روانہ ہونا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بعد ازاں سیکیورٹی اہلکاروں نے مداخلت کی، پائلٹ کو حراست میں لے لیا گیا جبکہ تمام مسافروں کو بحفاظت جہاز سے اتار لیا گیا۔ واقعے نے ایئرلائن ملازمین کے واجبات اور مزدور حقوق کے معاملے کو ایک بار پھر بحث کا موضوع بنا دیا ہے۔














