ملک کے مختلف حصوں میں موسم نے شدت اختیار کرلی ہے۔ شمال بالائی بلوچستان میں موسمِ سرما کی پہلی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس کے باعث کئی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے دیواریں گر گئیں، بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے اور درخت جڑ سے نکل گئے۔
مزید پڑھیں: چند علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری، بیشتر علاقوں میں سردی اور دھند رہے گی
چمن، قلعہ عبداللہ اور توبہ اچکزئی میں بارش کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی، جبکہ بالائی پہاڑی علاقوں میں تیز ژالہ باری بھی ہوئی۔ کان مہترزئی کے پہاڑوں پر موسمِ سرما کی پہلی برف باری ریکارڈ کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق قریباً 10 ماہ بعد ہونے والی اس بارش سے شمالی بلوچستان میں جاری طویل خشک سالی کے خاتمے کی امید ہے۔
دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید دھند نے معمولاتِ زندگی متاثر کر دیے ہیں۔ حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث موٹروے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن، ایم 3 لاہور سے سمندری، ایم 11 سیالکوٹ موٹروے اور ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں:موسم: کہیں بارش اور برفباری، کہیں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان
موٹروے پولیس کے مطابق دھند کے دوران صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک سفر نسبتاً محفوظ رہتا ہے۔ قومی شاہراہ پر سندر، مانگا منڈی، پھول نگر اور پتوکی کے علاقوں میں بھی شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ صفر سے 100 میٹر تک ریکارڈ کی گئی ہے۔














