پنجاب اسمبلی میں پنجاب فلم ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ 2025 پیش کیا گیا ہے، جس کا مقصد صوبے میں فلم انڈسٹری کے فروغ کے لیے جامع نظام قائم کرنا ہے۔ بل رواں اجلاس میں جمعہ کے روز پیش کیا گیا۔
مزید پڑھیں: پرتشدد مظاہرین کیخلاف بڑا فیصلہ، پولیس آرڈر ترمیمی بل پنجاب اسمبلی میں پیش
اتھارٹی کے قیام سے فلم سازی، ڈرامہ اور ڈاکیومنٹری کی سرپرستی کی جائے گی، جبکہ نئی فلم پالیسی، قواعد و ضوابط اور لائسنسنگ کا نظام بھی متعارف کرایا جائے گا۔ فلم سازوں کو سہولیات، اجازت نامے اور ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
بل میں مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے خصوصی مراعات، فلم سٹوڈیوز، فلم سٹی اور پوسٹ پروڈکشن سہولیات کے قیام کی راہ ہموار کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔ اتھارٹی نئے ٹیلنٹ کی تربیت کے لیے ٹریننگ پروگرامز شروع کرے گی اور فلم انڈسٹری کے لیے فنڈنگ، گرانٹس اور سبسڈی کا نظام بھی متعارف ہوگا۔
اتھارٹی فلم انڈسٹری سے متعلق شکایات اور مسائل کے حل کی مجاز ہوگی اور پنجاب کی ثقافت، سیاحت اور مثبت تشخص کو فلم کے ذریعے اجاگر کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: سیاسی جماعت پر پابندی کی قرارداد: پنجاب اسمبلی کی اس کاوش کی اہمیت کتنی؟
بل کو 2 ماہ کے لیے متعلقہ کمیٹی کے حوالے کیا گیا ہے، جو 2 ماہ کے اندر رپورٹ پیش کرے گی۔ کمیٹی کی سفارشات کے بعد بل کو پنجاب اسمبلی سے حتمی منظوری اور پھر گورنر پنجاب کی توثیق کے لیے بھیجا جائے گا۔














