پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ان کے والد آصف علی زرداری کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ پاکستان کے واحد سویلین صدر ہیں جو 2 بار منتخب ہوئے، اور انہیں یہ منفرد مقام بھی حاصل ہے کہ انہوں نے ساڑھے 13 سال سیاسی قید میں گزارے۔
کیڈٹ کالج پٹارو میں منعقدہ والدین کی تقریب میں بلاول بھٹو زرداری نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے ہمراہ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے پرنسپل کیڈٹ کالج کموڈور فیصل اقبال قاضی کے ساتھ پریڈ کا معائنہ کیا اور کیڈٹ کالج کے فیکلٹی ممبران سے ملاقات بھی کی۔
مزید پڑھیں: ’ہم اس کو صدر نہیں مانتے‘، پی ٹی آئی کی آصف زرداری کے پارلیمنٹ سے خطاب پر تنقید
اپنے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ یہ ادارہ ان کے خاندان کے لیے ذاتی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ ان کے والد بھی کبھی اسی مقام پر کھڑے تھے۔ کیڈٹ کالج میں طلبہ کو یہ سکھایا جاتا ہے کہ نظم و ضبط سزا نہیں بلکہ آزادی ہے۔
بلاول بھٹو نے کہاکہ پاکستان آج ایک ایسے سنگ میل پر کھڑا ہے جس کا سامنا ہر نسل نے دیکھا ہے، اور اسے معاشی دباؤ، علاقائی غیر یقینی صورتحال اور تیزی سے بدلتی دنیا جیسے چیلنجز درپیش ہیں۔
انہوں نے مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت، تیاری اور اتحاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اپنی خودمختاری کا دفاع کرتے ہوئے ایک واضح عسکری اور اخلاقی کامیابی حاصل کی۔
چیئرمین پی پی پی نے مزید کہاکہ قوموں کی طاقت صرف ہتھیاروں سے نہیں بلکہ کردار اور اصولوں سے ناپی جاتی ہے۔
انہوں نے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ کل کا پاکستان انہی افراد کی قیادت میں بنے گا جو دیانت، خدمت اور جرأت کو ترجیح دیں گے، چاہے وہ مسلح افواج کی وردی پہنے ہوں، کلاس رومز میں تعلیم دے رہے ہوں یا عوامی اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہوں۔
مزید پڑھیں: صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کا لاہور آنے کا مقصد کیا تھا؟
بلاول بھٹو نے کیڈٹس کو مشورہ دیا کہ جب راستہ واضح نہ ہو تو دیانت کا انتخاب کریں، دباؤ ہو تو نظم و ضبط پر بھروسہ کریں، اور جب وطن پکارے تو جرأت کے ساتھ لبیک کہیں۔













