’ہم اس کو صدر نہیں مانتے‘، پی ٹی آئی کی آصف زرداری کے پارلیمنٹ سے خطاب پر تنقید

جمعرات 18 اپریل 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماؤں نے صدر مملکت آصف زرداری کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے کیے گئے خطاب پر تنقید کی ہے۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماؤں نے آصف زرداری اور حکومت پر تنقید کی۔

اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج غیرقانونی صدر نے ایوان سے خطاب کیا۔ میں نے بحیثیت قائد حزب اختلاف پوائنٹ اٹھانے کی کوشش کی مگر موقع نہیں دیا گیا۔ ’قانون کے مطابق جب بھی اپوزیشن لیڈر اٹھے اسے بات کرنے کا موقع دیا جاتا ہے‘۔

آصف زرداری کو 21 توپوں کے احتجاج کی سلامی پیش کی گئی، بیرسٹر گوہر

پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اپنی گفتگو میں کہاکہ آج آصف زرداری کو 21 توپوں کے احتجاج کی سلامی پیش کی گئی، ہم اس صدر کو مانتے ہی نہیں اس کے لیے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہاکہ صرف صدر نہیں وزیراعظم سمیت پوری کابینہ ہی غیرآئینی و غیرقانونی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے کہاکہ ہمارے احتجاج کی وجہ سے آصف زرداری تقریر ادھوری چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔

یادر ہے کہ آج 18 اپریل کو صدر مملکت آصف زرداری نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کیا ہے، تاہم اس موقع پر اپوزیشن کی جانب سے ایوان میں احتجاج کیا گیا۔

پی ٹی آئی کے ارکان نے عمران کے پوسٹرز اٹھائے ہوئے تھے اور ایوان میں نعرے بازی کرتے رہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp