کشمیری نژاد بھارتی اداکارہ حنا خان نے مداحوں کے ساتھ اپنے کینسر کے علاج کے دوران درپیش چیلنجز اور جذباتی کیفیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیمو تھراپی کے دوران اچھے اور برے دونوں دن آئے تھے۔
اداکارہ حنا خان نے حال ہی میں پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ ہر تین ہفتے بعد کیمو تھراپی کرواتی تھیں جس میں پہلے ہفتے کے دوران شدید اعصابی درد اور مشکلات کا سامنا ہوتا تھا جبکہ باقی دو ہفتے میں وہ اپنی زندگی بھرپور انداز میں گزارتی تھیں اور سفر و مصروفیات میں حصہ لیتی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’کینسر کی کوئی علامت نہیں تھی‘، تشخیص کیسے ہوئی، بھارتی اداکارہ ماہیما چوہدری نے بتادیا
ایک سوال کے جواب میں حنا خان نے کہا کہ یہ بہت مشکل مرحلہ تھا، انتہائی مشکل۔ ہر مریض کو کیمو تھراپی کے درمیان تقریباً ایک ہفتے کا وقفہ دیا جاتا ہے بعض معاملات میں یہ وقفہ تین ہفتے بھی ہو سکتا ہے جو تشخیص پر منحصر ہوتا ہے۔
حنا خان نے اپنے تجربے کو مثبت نقطہ نظر سے دیکھنے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ زندگی کے کسی بھی مشکل مرحلے میں یہ ضروری ہے کہ باقی وقت کو بھرپور انداز میں جیا جائے۔ اکثر لوگ بیماری کی تشخیص کے بعد سوچتے ہیں کہ ان کی زندگی ختم ہو گئی لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ زندگی میں برا لمحہ بھی آتا ہے اور اچھے دن بھی۔ جب ہم اپنے پیاروں کے ساتھ معمول کی زندگی گزار سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’اے اللہ! شکریہ مجھے اپنے در پر بلانے کا‘، کینسر کی شکار بھارتی اداکارہ حنا خان کا عمرہ، تصاویر وائرل
انہوں نے مزید کہا کہ اگر بیماری قابل علاج نہ بھی ہو اور صرف قابو پانے کے قابل ہو تو ہم اسے قابو میں رکھ سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ حنا خان نے جون 2024 میں سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے خود میں تیسرے درجے کی بریسٹ کینسر کی تشخیص کی تصدیق کی تھی۔














