’کینسر کی کوئی علامت نہیں تھی‘، تشخیص کیسے ہوئی، بھارتی اداکارہ ماہیما چوہدری نے بتادیا

پیر 17 نومبر 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ کی مشہور اداکارہ ماہیما چوہدری نے کہا ہے کہ انہیں کینسر کی تشخیص سے قبل کسی قسم کی علامات محسوس نہیں ہوئیں اور یہ بیماری ابتدائی مرحلے میں صرف باقاعدہ طبی معائنے سے ہی سامنے آ سکتی ہے۔ وہ ینگ ویمن بریسٹ کینسر کانفرنس 2025 کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں، جہاں انہیں اپنی صحتیابی کے سفر کی داستان شیئر کرنے کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔

ماہیما چوہدری نے بتایا کہ 2022 میں ہونے والی تشخیص ایک معمول کے سالانہ چیک اپ کے دوران سامنے آئی۔ انہوں نے بتایا کہ ’مجھے کسی قسم کی علامات محسوس نہیں ہوئیں۔ میں بریسٹ کینسر اسکریننگ کے لیے نہیں گئی تھی بلکہ صرف اپنے سالانہ چیک اپ کے لیے گئی تھی۔ مجھے بالکل اندازہ نہیں تھا کہ مجھے بریسٹ کینسر ہے۔ کینسر ایسی چیز ہے جسے ابتدا میں خود محسوس نہیں کیا جا سکتا، یہ صرف ٹیسٹوں کے ذریعے ہی جلد پکڑا جا سکتا ہے‘۔

یہ بھی پڑھیں: کینسر میں مبتلا کشمیری اداکارہ حنا خان کو اپنے والد کی نصیحتیں یاد آگئیں

ماہیما چوہدری نے مزید کہا کہ انہیں دیگر مریضوں کی ہمت اور جدوجہد کی کہانیاں سن کر بھرپور حوصلہ ملا۔

 واضح رہے کہ اداکارہ کی آخری فلم ’دی سگنیچر‘ تھی، جس میں انوپم کھیر نے مرکزی کردار ادا کیا۔ کے سی بوکاڈیا اور انوپم کھیر اسٹوڈیو کی تیار کردہ اس فلم کی کہانی ایک ایسے شخص کے گرد گھومتی ہے جس کی زندگی اُس وقت بدل جاتی ہے جب اس کی اہلیہ ایک اہم سفر سے قبل ایئرپورٹ پر بے ہوش ہو جاتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp