خیبرپختونخوا کے ضلع کرک کے علاقے گرگوری میں منگل کے روز پولیس موبائل پر حملے کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار شہید ہو گئے۔ ضلعی پولیس کے ترجمان شوکت خان نے واقعے اور جانی نقصان کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ شہید ہونے والے تمام اہلکار کانسٹیبل تھے۔
پولیس ترجمان کے مطابق شہید اہلکاروں کی شناخت کانسٹیبل شاہد اقبال، سمیع اللہ، عارف، صفدر اور محمد ابرار کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ محمد ابرار پولیس موبائل کے ڈرائیور بھی تھے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کے فوراً بعد ضلع پولیس افسر سمیت پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
اگرچہ حملے کی نوعیت کے بارے میں تاحال حتمی تفصیلات سامنے نہیں آ سکیں، تاہم پولیس ترجمان کی جانب سے جاری کی گئی تصویر میں حملے کا نشانہ بننے والی پولیس موبائل مکمل طور پر جل کر تباہ دکھائی دے رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی سازشیں، ایسی قوتوں سے کیسے نبرد آزما ہونا چاہیے؟
وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے شہداء کے لیے دعائے مغفرت کی اور لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کو اس مشکل وقت میں حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔
وزیراعظم نے پولیس فورس کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکار ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں صفِ اول کا کردار ادا کرتے رہے ہیں اور ملک میں امن و امان کے قیام کے لیے بے مثال خدمات انجام دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم فرض کی راہ میں جان قربان کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیے ہنگو میں 2 دھماکے، ایس پی آپریشنز سمیت 3 پولیس اہلکار شہید
وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے۔
واضح رہے کہ یہ واقعہ خیبرپختونخوا میں پولیس کو نشانہ بنانے والے حالیہ حملوں کے سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
گزشتہ ہفتے ضلع لکی مروت میں فائرنگ کے ایک واقعے میں ایک پولیس اہلکار اور اس کا بھائی شہید ہو گئے تھے، جبکہ اسی ماہ لکی مروت میں پولیس موبائل کو نشانہ بنانے والے خودکش دھماکے میں ایک اہلکار شہید اور پانچ زخمی ہوئے تھے۔
نومبر میں ضلع ہنگو میں ایک چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملے کے دوران کارروائی کرتے ہوئے 3 پولیس اہلکار شہید ہو گئے تھے۔













