وزیراعظمِ پاکستان میاں شہباز شریف نے کشمیری عوام کے لیے عملی محبت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مظفرآباد کے علاقے امبور میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے اشتراک سے آزاد کشمیر کے پہلے کینسر اسپتال کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔
مزید پڑھیں: ’نواز شریف کینسر اسپتال جنات بنا رہے ہیں‘، مریم نواز نے یہ بات کیوں کہی؟
یہ اسپتال اپنی نوعیت کا پہلا طبی ادارہ ہے جو کینسر جیسے موذی مرض کے علاج، تشخیص اور دیکھ بھال کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ اسپتال کے قیام سے خطے کے مریضوں کو نہ صرف معیاری علاج میسر آئے گا بلکہ بڑے شہروں کے مہنگے اور طویل سفر سے بھی نجات حاصل ہو گی۔
امبور میں قائم یہ جدید اسپتال کینسر کے علاج کے حوالے سے خطے میں نئے امکانات پیدا کرے گا اور مریضوں کو ان کی دہلیز پر طبی سہولت فراہم کرے گا۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے اشتراک سے تیار ہونے والا یہ منصوبہ آزاد کشمیر کے عوام کے لیے صحت کے شعبے میں ایک تاریخی سنگِ میل سمجھا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں: پنجاب حکومت کا صوبے میں پہلا سرکاری کینسر اسپتال بنانے کا اعلان
عوامی حلقوں نے اسپتال کے قیام کو خوش آئند قرار دیا اور اسے خطے میں صحت کی بہتر سہولیات کی بنیاد کے طور پر سراہا۔ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اس منصوبے کا افتتاح کشمیری عوام کے لیے عملی توجہ اور محبت کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔














